• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی دبائو، 2017ء میں ہونیوالے انٹرویوز پر 135افراد کی بھرتیوں کا فیصلہ

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) بھرتیوں پر پابندی کے باوجود بینظیر بھٹو ہسپتال میں سیاسی دبائو پر گریڈ ایک تا پندرہ پر 135افراد کی بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 2017ء میں ہونیوالے انٹرویوز والوں کی منظوری کیلئے سنڈیکیٹ اجلاس میں معاملہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ جس کا اجلاس 24مئی کو ہوگا۔ باخبر ذرائع کے مطابق نئی بھرتیوں پر پابندی کے باعث پرانے کیسز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جن افراد کی بھرتی کی منظوری سنڈیکیٹ سے لینے کی کوشش کی جا رہی ہے انکے انٹرویوز گزشتہ برس جولائی/اگست میں ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اگر بھرتی کیلئے انٹرویو ہو جائیں تو وہ 6ماہ تک کارآمد رہتے ہیں۔ اس دوران بھرتی نہ ہو سکے تو پھر دوبارہ پراسیس کرنا ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی دبائو کے تحت پرانی بھرتی کے عمل کو استعمال کرتے ہوئے ہسپتال کی سلیکشن کمیٹی کی منظوری کے بعد معاملے کو سنڈیکیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ سنڈیکٹ اجلاس وزیر صحت کی سربراہی میں ہوگا جس کی منظوری کے ساتھ ہی 135افراد بھرتی ہو جائیں گے۔ نئی بھرتی کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے۔ اس حوالے سے بی بی ایچ کے ایم ایس ڈاکٹر ارشد صابر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ نئی بھرتیوں پر پابندی ہے‘ 24مئی کے اجلاس میں منظوری کیلئے رکھی جانے والیاں بھرتیاں گزشتہ برس کی ہیں۔ تاخیر اسلئے ہو گئی کہ درمیان میں بورڈ نہیں تھا۔ ان بھرتیوں کا پراسیس پہلے مکمل کیا جا چکاہے۔
تازہ ترین