• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل کمپلیکس فائرنگ کیس، 19پولیس ملازمین کو سزائیں دینے کا فیصلہ

راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں فائرنگ سے 2افرادکی ہلاکت کے واقعہ میں معطل کئے گئے 19پولیس ملازمین کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسروں نے 28مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں فائرنگ کرکے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی کینٹ کے سابق مطیع اللہ عرف فہیم خان کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ فائرنگ سے ملزم پارٹی کا اپنا ایک ساتھی عبدالستار خان بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔ فہیم خان کے نام سے معروف نوجوان مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کا سرگرم رہنما تھا جس کا محلہ حاجیاں کے حاجی ارشد زمان عرف ارشد لنگڑے سے تنازع چل رہا تھا اور اسے تھانہ سول لائن کے 2015ء کے قتل کے ایک مقدمہ میں اڈیالہ جیل سے اسکے بھائی رضوان ولد رشید خان اور احسن شیرازی ولد تنویر احمد کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام کی عدالت میں پیشی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا تھا جہاں مقدمہ کا ایک مدعی عبدالستار ولد عبدالغفار پہلے سے جوڈیشل کمپلیکس کے احاطہ میں ایک کار میں بیٹھا ہوا تھا۔ پولیس اہلکار عدالت میں ملزموں کو پیش کرنے کے بعد عدالت سے لے کر باہر آئے اور ایڈیشنل سیشن جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت کے سامنے برآمدے میں پہنچے تو عبدالستار گاڑی سے نکل کر وہاں پہنچ گیا اور پولیس کے زیرحراست ملزموں پر فائرنگ شروع کردی جس سے مطیع اللہ عرف فہیم خان شدید زخمی ہو گیا تھا جبکہ اسی دوران فائرنگ سے عبدالستار خان بھی جاں بحق ہو گیا۔ اس وقت کے سی پی او اسرار احمد عباسی نے جوڈیشل کمپلیکس کے سکیورٹی انچارج انسپکٹر اسرائیل خان، سب انسپکٹر شفقت محمود، سب انسپکٹر فقیر محمد، سب انسپکٹر اقبال، اے ایس آئی عمران اور دیگر کانسٹیبلوں کو معطل کر دیا تھا اور بعدازاں ان ملازمین کو چارج شیٹ جاری کر دی گئی تھی۔ اسی دوران ایس ایس پی آرآئی بی ملک سکندرحیات کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا اور بعدازاں سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان کا تبادلہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آر آئی بی نے اپنی انکوائری میں جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اور اڈیالہ جیل سے ملزموں کو لانے والے پولیس ملازمین کو اس واقعہ میں غفلت و لاپرواہی برتنے پر قصوروار قرار دیدیا جس کے بعد موجود سی پی او افضال احمد کوثر نے سابقہ چارج شیٹ واپس لے کر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں 5مئی کو 19ملازمین کو نئی چارج شیٹ جاری کردی جس کے جوابات یہ ملازمین جمع کرا چکے ہیں اور اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی محمد بن اشرف کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے نگران سیٹ اپ آنے سے پہلے ان ملازمین کے بارے فیصلہ متوقع ہے۔
تازہ ترین