• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگران وزیراعظم کی تقرری میں تاخیر مایوس کن ہے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصو صی)جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایم ایم اے پنجاب کی قیادت کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری میں تاخیر اور سپیکر قومی اسمبلی کی مایوسی تشویشناک ہے ۔ پوری قوم توقع رکھتی ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اپنا دستور ی اختیار استعمال کرنے میں کامیاب رہیں گے وگرنہ ناکامی جمہوری عمل کے لیے خطرناک ہوگی ۔ مینار پاکستان کے جلسہ عام سے متحدہ مجلس عمل کے کارکنان کو نیا عزم ، حوصلہ اور جذبہ ملاہے ۔ متحدہ مجلس عمل کا قومی انتخابات میں کلیدی کردار ہوگا ۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے خوش آئند ہیں ۔ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام اور آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے انتظامی مالی اختیارات کا فیصلہ بھی اہم ہے ۔ کاش تمام فیصلے جمہوری حکومت اور پارلیمنٹ خود کرلیتی ۔ سیاست پر ریاست جمہوری قوتوں کی نااہلی کی وجہ سے حاوی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم مودی کی آمد پر پہیہ جام ہڑتال اور کشمیریوں کا مکمل بائیکاٹ اس بات کا اعلان ہے کہ کشمیری کسی صورت میں بھارتی غلامی قبول نہیں کرسکتے ۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پاکستان کی ذہین بیٹی سبیکا شیخ کا وحشیانہ قتل امریکہ کے لیے بڑی بدنامی ہے ۔ ہم شہیدہ کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں ۔ امریکی صدر ٹرمپ کا انتہا پسندانہ وجذباتی رویہ اور پالیسی خود امریکہ میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کا باعث بن رہاہے ۔
تازہ ترین