• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

22کروڑ عوام فرسودہ نظام سے تنگ آ چکے ،متحدہ مجلس عمل پنجاب

لاہور(نمائندہ خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کی صوبائی کونسل کا اجلاس صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کی زیرصدارت منصورہ میں ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر جاوید اختر، سید سبطین سبزواری، محمد جاوید قصوری، سعید احمد سیال، محمد فیاض شاہ، ضیاءالحق چوہدری، محمد ابوبکر شیخ، حافظ بابر فاروق، سید ساجد حسین اور دیگر شریک ہوئے۔ صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود احمد نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو متبادل قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام موجودہ فرسودہ نظام اور سیکولر قوتوں سے تنگ آ چکے ہیں، وہ پاکستان میں اسلام کا بول بالا اور دینی جماعتوں کو برسراقتدار دیکھنا چاہتے ہیں۔ لوگوں نے70برسوں سے سوشلزم اور سیکولرازم کے پروردہ حکمرانوں کو آزما لیا، اب انشاء اللہ اسلام غالب آئے گا اور اس ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا۔ حکمرانوں نے رمضان المبا رک سے قبل بڑے بلندوبانگ دعوے کیے تھے، نہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوا اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کا ریلیف میسر آیا۔ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوز دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی طرح عام انتخابات میں ایم ایم اے پنجاب، بلوچستان اور کراچی میں بھی بھرپور کامیابیاں حاصل کریگی۔ متحدہ مجلس عمل پنجاب کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جاوید اخترنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد پورے ملک میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا کہ ایم ایم اے کی کامیابی سے اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہو گی۔ ایم ایم اے میں شامل تمام دینی جماعتوں میں سے کسی کا نام بھی پانامہ لیکس میں شامل نہیں ہے۔
تازہ ترین