لاہور(نمائندہ جنگ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ملک دشمن بیرونی قوتیں پاک فوج کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔قوم ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کو جان چکی ہے۔ پوری قوم کو کرنل سہیل عابد شہید کی بے مثال قربانی پر فخر ہے۔ فوجی شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔پاک فوج کے خلاف واویلا کرنے والے نواز شریف بھارتی گولہ باری سے معصوم پاکستانیوں کی شہادتوں پر کیوں خاموش ہیں ۔ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج سے محبت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں برطانیہ کے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔فوج کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں حکومت کی رٹ قائم اور امن بحال ہوا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی پاکستان مخالف سازشوں کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ پاک فوج ہے۔ کرنل سہیل عابد شہید نے اپنی جان اپنی دھرتی پر قربان کر کے عظیم مثال قائم کی ہے۔ قوم فوجی شہیدوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فوجی شہداء قوم کے دل کی ایک ایک دھڑکن میں بستے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسلامیان پاکستان مظلوم اور محکوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔