• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی میزانئے میں اعلان کردہ محصولات کا نفاذ آئندہ 72گھنٹوں میں کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (حنیف خالد) ہفتہ رواں کے وسط میں فنانس ایکٹ 2019ء کی ٹیکس تجاویز پورے ملک میں نافذ ہو جائینگی۔ آئندہ دو تین روز میں صدر مملکت ممنون حسین قومی اسمبلی کے منظور کردہ وفاقی بجٹ اور فنانس بل 2019ء پر وزیراعظم عباسی کی سفارش کے مطابق دستخط کر دینگے۔ جس کے ساتھ ہی فنانس بل فنانس ایکٹ کی شکل اختیار کر لے گا۔ اسی شام ایف بی آر کے ممبر کسٹم زاہد کھوکھر اور اُنکی ٹیم ایک درجن سے زائد ایس آر اوز جاری کر دیگی جن کے اجراء کے ساتھ ہی ایف بی آر فنانس ایکٹ 2019ء کے مطابق کسٹم ڈیوٹی اور دیگر محصولات کی وصولی شروع کردیگا۔ دریں اثناء آئندہ چوبیس گھنٹوں میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی کے منظور کردہ اور سپیکر ایاز صادق کی طرف سے بھجوائے گئے وفاقی بجٹ 2018-19ء اور فنانس بل 2019ء پر اپنی تحریری رضامندی دیکر اسے ایوان صدر آئینی طور پر درکار صدارتی دستخطوں کیلئے بھجوا دینگے۔ صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے توثیق کے دستخط ہوتے ہی فنانس ایکٹ 2019ء کے اقدامات پر قانونی طور پر عمل شروع کر دیا جائیگا۔ مالی سال 2018-19کا وفاقی بجٹ اور فنانس بل 2019جسے جمعہ کو قومی اسمبلی آف پاکستان نے بھاری اکثریت سے منظور کیا تھا۔ گزشتہ روز وزارت قانون نے فنانس بل 2019کی نوک پلک (Vetting)درست کی۔ وزارت قانون فنانس بل کی نوک پلک کر کے فنانس بل 2019ء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوا دیا۔ وزیراعظم عباسی کے دستخطوں سے صدر ممنون حسین کی آئینی منظوری کیلئے وفاقی بجٹ اور فنانس بل بھیج دینگے۔ توقع ہے کہ صدر ممنون حسین چند روز کے اندر قومی اسمبلی کے منظور کردہ وفاقی بجٹ اور فنانس بل پر دستخط کر کے اسے فنانس ایکٹ 2019کی صورت میں اسی روز ملک بھر میں نافذ کر دینگے۔
تازہ ترین