ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان اپنے شو ’دس کا دم‘ کے سیزن 3 کے ساتھ بہت جلد ٹیلی ویژن اسکرینز پر واپسی اختیار کررہے ہیں، جس کے پروموز کو شائقین نے بےحد پسند بھی کیا تاہم حال ہی میں اس شو کی پہلی فریق سیٹ پر بےہوش ہوگئیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دس کا دم شو کے سیزن 3 میں سلمان خان کی مداح 40 سالہ خاتون نے بھی حصہ لیا، جو شو پر موجود سلمان خان سے بات چیت کرتے ہوئے کافی جذباتی ہوگئیں۔
40سالہ یہ خاتون سلمان خان سے ملاقات کرنے پر اتنی پرجوش تھیں کہ وہ ان سے بات کرتے کرتے شو کے سیٹ پر ہی بےہوش ہوکر گر پڑیں۔
سلمان خان سے بات چیت کے دوران ان کی مداح نے اداکار کو اپنی مالی حالت کے بارے میں بتایا، اور یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے کو پیسے کی کمی کے باعث نجی اسکول سے نکال کر ایک چھوٹے اسکول میں منتقل کردیا گیا ہے۔
خاتون کے مطابق ان کے گھروالوں کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ ان کے بیٹے کی تعلیم مکمل کروا سکیں، اور اس ہی گفتگو کے دوران یہ خاتون بےہوش ہوگئیں، جب سلمان خان نے آگے بڑھ کر انہیں سنبھالا۔
تاہم ہوش میں آنے کے بعد اداکار نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ ان کے بیٹے کی تعلیم کی پوری ذمہ داری لیں گے۔
مداح کی بےہوشی کے باعث اس شو کی شوٹنگ بھی کچھ دیر کے لیے منسوخ کی گئی۔
خیال رہے کہ سلمان خان اپنی غیر منافع بخش چیریٹی تنظیم ‘بینگ ہیومن‘ کے تحت کیے جانے والے سماجی کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ان کے شو دس کا دم کے حوالے سے بات کی جائے تو اس کا پریمیئر 4جون کو ہوگا، اس شو کی میزبانی سلمان خان کررہے ہیں، جو پیر سے جمعہ تک نشر کیا جائے گا۔