• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحاد رمضان: کم سن مریض کیلئے گردوں کے عطیات کا اعلان

اتحاد رمضان: کم سن مریض کیلئے گردوں کے عطیات کا اعلان

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول رمضان نشریات ”اتحاد رمضان“ اپنی آب و تاب سے جاری ہے۔ ٹرانسمیشن کے پانچویں روز ہفتے میں تین بار ڈائلیسز کے تکلیف دہ عمل سے گزرنے والے 12 سال کے کم سن بچے ”ماسٹر امتیاز“ کو اُس کی فیملی کے ہمراہ مدعو کیا گیا تاکہ رحمتوں اور برکتوں کے اس مہینے میں اُسے بھی خوشیاں دی جاسکیں۔ سیگمنٹ ”جذبہ خدمت“ میں کم سن مریض کی آہیں ، سسکیاں اور اس غریب گھرانے کی داستان سن کر ٹرانسمیشن کے میزبان سمیع خان اور رابعہ انعم کے ساتھ حاضرین بھی اشکبار ہوگئے۔ بچے کے والد کباڑہ فروخت کرتے ہیں اُن کا کہنا تھا کہ بیٹے کا ہفتے میں 3 بار ڈائلیسز ہوتا ہے، پیسے نہ ہوں تو اِس بچے کی تکلیف دیکھی نہیں جاتی، اس بیماری میں ہمارے پورے خاندان کو کرب سے گزرنا پڑ رہا ہے، میرا بڑا بیٹا بھی گردوں کی تکلیف کے سبب فوت ہوگیا تھا۔ کئی بار ڈاکٹرز میرے چھوٹے بیٹے کی زندگی کے حوالے سے مایوسی کا پیغام دے چکے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ جتنا جلد ہوسکے اس کے گردے کا ٹرانسپلاٹ کرادیں۔ کم سن مریض کے ٹرانسپلانٹ کیلئے 25 لاکھ روپے یا ایک گردہ درکار تھا۔ اس دوران پہلی ہی ٹیلیفون کال آئی اور کوئٹہ سے ظہیر احمد نے اس بچے کو گردہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد اس فیملی کے چہرے پر مسکراہٹ اور ہال میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس کے بعد ٹنڈو آدم سے بذریعہ ٹیلیفون ایک خاتون لبنیٰ نے اس بچے کو گردہ دینے کا اعلان کیا۔ ایک اور خاتون نے نام نہ بتانے کی شرط پر گردہ دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کئی مخیر حضرات نے نام نہ بتانے کی شرط پر اس غریب گھرانے کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا۔ ہال میں موجود لوگوں نے کھڑے ہوکر گردہ عطیہ کرنے والے تمام لوگوں کو کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا۔ اس بچوں کے والد کا کہنا تھا کہ بچے کی ڈائلیسز کیلئے آنے جانے میں بہت مسئلہ ہوتا ہے ۔ اتحاد رمضان کی جانب سے اِنہیں بائیک بھی دی گئی۔ عالمی شہرت یافتہ اسکواش پلیئر جہانگیر خان اس نشریات کے مہمان خصوصی تھے۔ دُکھی فیملی کی داستان اور گردوں کے عطیات کے اعلانات سن کر اُن کی آنکھیں بھی نم نظر آئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ”اتحاد رمضان“ کا سیٹ بہت عالیشان ہے، اِسے تخلیق کرنے والوں کو دِل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ایسی بہترین نشریات پر مدعو کرنے اور عزت بخشنے کیلئے جیو کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ ”ننھے قوالوں“ نے ایک بار پھر سماں باندھ دیا۔ ”جان کر جیو“ میں ورقہ خالد نے بادشاہ اور رعایا کی کہانی سنائی اور اپنی صلاحیت کے بہترین استعمال اور صبر و تحمل کا درس دیا۔ صبر و تحمل کے موضوع پر ”قصص القرآن“ سیگمنٹ میں حضرت ایوبؑ کی زندگی کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ شیف ناہید انصاری نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ”کچن سیگمنٹ“ میں ٹرکش ڈش ”چاول سیس کباب“ اور لیمن مشروب بنایا۔ اس موقع پر ناہید انصاری نے سمیع خان اور رابعہ انعم کے ساتھ انوکھی سالگرہ منائی، اُنہوں نے رمضان کے احترام میں کیک کی بجائے سیس کباب پر چھری پھیر کر اپنی سالگرہ کو سادگی سے منایا۔ مباحثے پر مشتمل سیگمنٹ ”دِل سے کہہ دو“ میں ”میرا ملک میری پہچان“ کے موضوع پر نوال شاہد، محمد حسان، علیشبہ اور محمد طلحہ کے درمیان مقابلہ ہوا اور یہ مقابلہ محمد طلحہ نے جیتا جنہیں بائیک انعام میں دی گئی۔ کوئز شو ”رب زدنی علمائ“ میں محمد منیب، فاطمہ اور حنان نے حصہ لیا۔ فاطمہ نے مقابلہ جیت کر قیمتی تحائف اپنے نام کئے۔ نعتیہ مقابلے ”صدائے حسان“ میں سید ارسلان شاہ، محمد حسان، زریاب بابر، محمد بلال، محمد حمزہ نے حصہ لیا۔ اویس رضا قادری نے جج کے فرائض انجام دیتے ہوئے دو بچوں ”سید ارسلان شاہ اور محمد حسان“ کو فاتح قرار دیا۔ دونوں بچوں کو ایک ایک بائیک انعام میں دی گئی۔ روزہ کشائی میں پہلا روزہ رکھنے والے 8 بچوں نے شرکت کی۔ اویس رضا قادری اور سمیع خان پہلا روزہ رکھنے پر بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ اویس رضا قادری نے اذان دی اور سب نے ملکر جیو کے سیٹ پر افطار کیا۔ دوسری جانب سحر نشریات کی میزبانی جنید اقبال نے کی۔ تلاوت کلام پاک، حمد و نعتیں بھی پڑھی گئیں۔ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی نامور اور باصلاحیت اداکارہ ”ریما خان“ سحر کی نشریات میں مہمان خصوصی بن کر آئیں۔ ”عالم آن لائن“ میں ممتاز علمائے کرام نے عوام کے دینی سوال وجواب کا قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیئے۔ مباحثے پر مشتمل سیگمنٹ ”دِل سے کہہ دو“ بھی ہوا۔

تازہ ترین