• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

100 دن ،طرزِ حکمرانی بہتر ہو تو ملکی سمت طے ہوجائیگی، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان اگر پہلے سو دن میں طرزِ حکمرانی بہتر کردیں تو ملک کی سمت طے ہوجائے گی،وفاق میں عمران خان کی ٹیم مختلف ہوگی جس سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جاسکتی ہے،عمران خان نے عوامی مسائل کے حل کیلئے بحث شروع کردی ہے، اس بحث کے نتائج سے پی ٹی آئی کا منشور بہتر ہوسکتا ہے،عمران خان کے ایجنڈے میں انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کا بہت کم ذکر ہے،عمران خان نے ہر ناممکن کام کو ممکن کر کے دکھایا ہے، عمران خان کو اقتدار ملا تو ملک کی سمت اور کلچر تبدیل کردے گا، احترام رمضان آرڈیننس میں روزہ نہ رکھنے والوں کیلئے گنجائش ہے، جن لوگوں پر روزہ فرض نہیں ریسٹورنٹس انہیں کھانا سرو کرسکتے ہیں، احترام رمضان آرڈیننس کی اصل روح روزہ کا احترام کرنا ہے، اگر کوئی روزہ نہیں رکھ رہا تو اس پر بھی روزے کا احترام کرنا فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار حسن نثار، ارشاد بھٹی، شہزاد چوہدری ،مظہر عباس ،ریما عمر اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال خیبرپختونخوا کی پانچ سالہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریک انصاف کا 100روزہ پلان قابل عمل ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ عمران خان 100روزہ پلان دینے کے بجائے 23مارچ 2013ء کے دعوؤں کا جواب دیں، خیبرپختونخوا میں ساڑھے تین ہزار ڈیم بنانے کا دعویٰ کہاں چلا گیا،صحت میں ان کی اصلاحات کیا ہیں پورے خیبرپختونخوا میں کہیں برن یونٹ نہیں ہے، 23مارچ 2013ء کو یکساں نظام تعلیم دینے کا دعویٰ کرنے والے جواب تو دیدیں۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک کو نظم و ضبط سے چلانا بہت مشکل ہے لیکن عمران خان نے ہر ناممکن کام کو ممکن کر کے دکھایا ہے، عمران خان کو اقتدار ملا تو ملک کی سمت اور کلچر تبدیل کردے گا، زمینی حقائق بہت اہم ہوتے ہیں لیکن تاریخ میں بے شمار لوگ ہیں جنہوں نے زمینی حقائق کو تبدیل کردیا۔شہزاد چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی اس کی وجہ مقامی قیادت کی کمزوری تھی، وفاق میں عمران خان کی ٹیم مختلف ہوگیجس سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جاسکتی ہے، عمران خان 100دن میں اپنے دعوے پورے نہیں کردے گا البتہ ان پر کام شروع کردے گا، پی ٹی آئی کی حکومت میں ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ ایک ہی آدمی ہوگا۔

تازہ ترین