• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک سحر و افطار میں بجلی کی فراہمی ممکن نہ بناسکا

کے الیکٹرک سحر و افطار میں بجلی کی فراہمی ممکن نہ بناسکا

غضب کیا تیرے وعدے پہ اعتبار کیا، کے الیکٹرک ایک معمہ ، سمجھنے کا نہ سمجھانے کا، رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ مکمل ہونے کو آیا، کے الیکٹرک ایک دن بھی پورے شہر کو بیک وقت سحر وافطار میں بجلی کی فراہمی ممکن نہ بناسکا، تراویح کے وقت بھی بجلی غائب، سحری بھی اندھیرے میں ، افطار کے وقت آنکھ مچولی، کہیں افطار میں بجلی غائب ، کہیں سحری میں لوڈشیڈنگ، کہیں تراویح میں پنکھے بند ، کہیں دوپہر کی گرمی میں بجلی گم۔

کے الیکٹرک کو گیس مل گئی، خراب پرزہ بھی مل گیا لیکن کراچی کے شہریوں کو شدید گرم موسم میں لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات نہ مل سکی، سحر ہو یا افطار، فجر کا وقت ہو یا تراویح کا، وقت بجلی کے انتظار میں ہی گزر جاتا ہے، کراچی کے بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، کس وقت بجلی جاتی ہے اور کس وقت واپس آتی ہے، نہ شہریوں کو پتا ہے اور نہ شاید کے الیکٹرک کو۔

کے الیکٹرک نے کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تردید کردی اور کہا کہ جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی ان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کرکے ایک گھنٹے کردیا گیا ہے جبکہ باقی علاقوں میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ ساڑھے سات گھنٹے ہے، ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کے متاثرہ یونٹ کو بحال کردیا گیا ہے اور بجلی کی پیداوار شروع کردی گئی ہے، اضافی پیداوار سے شہر میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ 

تازہ ترین