حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں سحری اور افطار کے موقع پر گیس کی بندش اور کم پریشر کی وجہ سے شہری اپنے گھروں میں کھانا بنانے سے محروم جبکہ متعدد علاقوں میں خراب گیس سروس لائنیں شہریوں کی زندگی کے لئے خطرہ بن گئی ہیں۔ ماہ رمضان میں حیسکو، اور واسا کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران اور عملہ بھی شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنے میں مصروف، ماہ رمضان میں بھی سوئی گیس کمپنی نے گیس پریشر میں بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے جس کی وجہ سے لطیف آباد نمبر 5,9، سائٹ، پھلیلی، ٹنڈو ولی محمد، آٹو بھان روڈ، حسین آباد، سحرش نگر و دیگر علاقوں میں سحری اور افطار میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کو روزہ رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے گیس کمپنی کو متعدد بار شکایات کے باوجود عملہ پائپ و دیگر سامان نہ ہونے کا جواز بتاکر شہریوں کو پریشان کرنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب گدو چوک سے کوٹری پل تک سڑک کی تعمیر کے دوران درجنوں مقامات پر گیس کی سروس لائنیں ٹوٹ گئیں یا لیک ہوگئیں ہیں جس کی وجہ سے کسی حادثے کی صورت میں شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ایس ایس جی سی کی جانب سے حفاظتی اقدامات کو اولیت دینے کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن کمپنی کے افسران اور عملے کی نااہلی نے ان کے حفاظتی اقدامات کی قلعی کھول دی ہے۔