• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید خدیجہؓ نے نبی اکرمﷺ سے جانثاری کا حق ادا کیا، علامہ شاہد نعیمی

لندن( پ ر) ورلڈ اسلامک مشن کے سربراہ علامہ مولانا شاہد رضا نعیمی نے حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ کے وصال کی مناسبت سے منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریؓ وہ خوش نصیب خاتون ہیں جن کو عورتوں میں سب سے پہلے مشرف بہ اسلام ہونے کا اعزاز حاصل ہوا، آپؓ سرکارﷺ سے شادی کے بعد 25برس زندہ رہیں اس عرصہ میں آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہر مصائب کو نہایت خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور حضورﷺ کی رفاقت اور جان نثاری کا حق ادا کردیا۔ قاری امین چشتی نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریؓ نے اپنا سارا مال اسلام پر نثار کردیا اور آپؓ کی تمام دولت یتیموں اور بیوائوں کی خبر گیری، بے کسوں کی دستگیری اور حاجت مندوں کی حاجت روائی کے لئے وقف تھی۔ آپ اس مشکل زمانہ میں جب لوگ سرکار دو عالمﷺ کی جان کے دشمن بن چکے تھے نہ صرف حضورﷺ کی ہم خیال اور غمگسار تھیں بلکہ ہر موقع پر اور ہر مصیبت میں آپﷺ کی مدد کے لئے تیار رہتی تھیں ۔نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ جب لوگ مجھے ستاتے تو خدیجہؓ کی باتوں سے میرے دل کو تسلی ہوجاتی اور میرا رنج دور ہوجاتا، حضرت خدیجۃ الکبریؓ کی یہی ہمدردی اور جاں نثاری تھی کہ حضورﷺ آپؓ سے بے پناہ محبت فرماتے تھے۔ آپؓ10رمضان المبارک کو اپنے مالک حقیقی سے جاملیں آپ ؓ کو مکہ شریف کے مشہور قبرستان جنت المعلیٰ میں دفن کیا گیا۔
تازہ ترین