• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن مخالف جماعت کا جرمن چانسلر کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع

برلن (نیوز ڈیسک) جرمنی میں تارکین وطن مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے چانسلر انجیلا مرکل کی مہاجرین کے لیے ’’اوپن ڈور پالیسی‘‘ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ملک کی اعلیٰ عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے جرمن سیاسی جماعت ’’متبادل برائے جرمنی‘‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ چانسلر انجیلا مرکل کی مہاجرین کے لیے ملک کی سرحدیں کھول دینے کی پالیسی غیر آئینی تھی۔ اس لیے اس تناظر میں قانونی کارروائی کے لیے ملک کی اعلیٰ عدالت میں درخواست دائر کی جاچکی ہے۔ 2015ء میں جب مہاجرین کا بحران اپنے عروج پر تھا تو جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے شورش اور جنگ زدہ ممالک سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کے لیے ملک کی سرحدیں کھول دی تھیں۔ یوں شام، افغانستان اور دیگر کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کی ایک بڑی تعداد جرمنی داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ بڑی تعداد میں ان مہاجرین کی جرمنی آمد کی وجہ سے ملکی سیاسی منظرنامے میں بھی تبدیلی آچکی ہے۔ اس بحران کے سبب انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ’’متبادل برائے جرمنی‘‘ (اے ایف ڈی) گزشتہ برس کے عام انتخابات میں عوامی حمایت حاصل کرنے اور پہلی مرتبہ پارلیمان میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ اے ایف ڈی کے قانونی مشیر اشٹیفان برانڈر نے بتایا ہے کہ دراصل مرکل کے اس فیصلے کیخلاف14اپریل کو عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ تاہم اس کا اعلان گزشتہ جمعہ کے روز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس مقدمے میں انہیں کامیابی مل گئی تو اس سے دنیا تبدیل ہوجائے گی برانڈر نے مزید کہا کہ اگر عدالت نے اے ایف ڈی کے حق میں فیصلہ سنایا تو انجیلا مرکل کو فوری طور پر چانسلر کے عہدے سے مستعفی ہوجانا پڑے گا۔ ابھی عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ اس مقدمے پر قانونی کارروائی کی جائے یا نہیں۔
تازہ ترین