• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال ،آگ لگنے سے240جھونپڑیاں جل گئیں،بچی جاں بحق

گلشن اقبال ،آگ لگنے سے240جھونپڑیاں جل گئیں،بچی جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں جھگیوں میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 240سے زائد جھگیاں جل گئیں، آگ لگنے کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 13/C وسیم باغ کے قریب واقع مسجد اقصی ٰکے عقب میں قائم جھونپڑ بستی میں منگل کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سےخوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد کے ساتھ پولیس ، رینجرز اور فائر برگیڈ کی 2گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی ، تیز ہوا اور لکڑی بانس اور بھوسے سے بنی جھونپڑیوں میں آگ مزید پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں کی تعداد میں جھونپڑیاں خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگئیں ، جھونپڑیوں میں آگ کو پھیلتا دیکھ کر رہائشی افراد نے چیخ و پکار شروع کردی اور اپنا سامان نکالنے کی کوشش بھی کی اور جھونپڑیوں میں موجود افراد کو باہر نکالنا شروع کردیا ،جبکہ آگ بڑھنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی مزید 6گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جھگیاں ریلوے پٹری کے قریب بنائی گئی تھیں اور آگ لگنے کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچی ایمن دختر محمد کلیم جھلس کر جاں بحق ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ جھگیوں میں رکھے سلنڈر بھی وقفے وقفے سے پھٹتے رہے جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کرلی تھی اور آگ لگنے کے نتیجے میں مذکورہ مقام پر 250جھگیاں تھی جو جل کر خاکستر ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والی بچی کسی جھگی میں موجود تھی کہ اچانک جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ کو تیزی سے پھیلتا دیکھ کر جھگیوں میں موجود خواتین ، مر د اور بچے جھگیوں سے باہر آگئے لیکن کمسن بچی کو جھگی سے باہر لانا بھول گئے اور وہ آگ کے تیز شعلوں میں جھلس کر جاں بحق ہوگئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ سوکھی لکڑی اور گھاس سے بنائی گئی جھگیوں میں آگ تیزی سے پھیلی اور منٹوں میں آگ نے تمام جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھااور تمام جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئی اور ان میں رکھا تمام سامان جل گیا ، فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ 8گاڑیوں کی مدد سے ڈھائی گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے ،اور آگ لگنے سے ابتدائی طور پر 240سے زائد جھگیاں اور ان میں رکھا تمام سامان مکمل طور پر جل گیا ہے ،ترجمان نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے ۔

تازہ ترین