• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کااجلاس، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا آئینی ترمیمی بل منظور، پارلیمانی اجلاس سے دو حکومتی اتحادی غیرحاضر

وفاقی کابینہ کااجلاس، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا آئینی ترمیمی بل منظور، پارلیمانی اجلاس سے دو حکومتی اتحادی غیرحاضر

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کیلئے آئینی ترمیم کے مسودے اور مسودے کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ نے ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردنی قیمت (Retail price) کی بھی منظوری دیدی ہے جبکہ قومی فنی پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت ، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی اور دیگر معاہدوں اور تقرریوں کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ منظوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی جو وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی اور چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تقرری کی بعد ازتقرری منظوری دی۔ اجلاس نے پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی لازمی سرٹیفیکیشن مارک اسکیم میں مختلف مصنوعات شامل کرنے کی منظوری دی۔ اوگرا گیس (تھرڈ پارٹی اسیس) رولز 2018 کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس نے نیشنل ٹیکنکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پالیسی، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ای سی سی کے 8مئی اور 11مئی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کی توانائی کمیٹی کے 12مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ پاکستان اور بو سنیا ہر زیگوینیا کے درمیان دفاعی صنعت کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے کی توثیق کی گئی۔ اجلاس نے بورڈ آف انوسٹمنٹ اور بزنس فرانس کے درمیان ایم او یو پر دستخط، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغستان کے تعلیمی و تحقیقی ادارے کے در میان ایم او یو پر دستخط کی منظوری دی جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عشرت عباس کو جج بنکنگ کورٹ فور لاہور تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ جج بنکنگ کورٹ فور کراچی سید ذوالفقار علی شاہ کی خدمات سندھ ہائیکورٹ کو واپس کرنے کی منظوری دی گئی ا ن کی جگہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹنڈو آدم خان محمد خان کو تعینات کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبید احمد خان کی بطور اسپیشل جج انسداد منشیات کراچی ٹو تعیناتی میں دو سال کی توسیع کی گئی ہے۔ جسٹس (ر) چوہدری شاہد سعید کو املاک حقوق دانش ( آئی پی او ) میں چیئرمین کاپی رائٹ بورڈ تعینات کرنے کی منطوری دی گئی۔ کا بینہ نے لندن اسکول آف اکنامکس میں جناح وزٹنگ پروفیسرشپ قائم کرنیکی منطوری دی۔ پاکستان ایکسپو سینٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں نجی ممبرز کی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین