• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے تعطل سے شہری پریشان، ہیٹ اسٹروک سے 4 روز میں180لاشیں لائی گئیں، فیصل ایدھی، محکمہ صحت کا پھر انکار

بجلی کے تعطل سے شہری پریشان، ہیٹ اسٹروک سے 4 روز میں180لاشیں لائی گئیں، فیصل ایدھی، محکمہ صحت کا پھر انکار

کراچی(نیوزڈیسک، اے پی پی) کراچی میں گرمی کی لہر اور ہیٹ اسٹروک عروج پر ، گرمی کی شدت سے 4 روز کے دوران 180 افراد دم توڑگئے، غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیصل ایدھی نے بتایاہےکہ گزشتہ 4روز کے دوران ہیٹ اسٹروک کے باعث ہلاک ہونے والے 180افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانوں میں لائی گئیں ۔دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے فلاحی ادارے ایدھی فانڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا ہیٹ اسٹروک سے متعلق بیان مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی لہر اور ہیٹ سٹروک عروج پر ہے اورکراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی تاہم ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ گزشتہ4 روزکے دوران 180 لاشیں ہمارے پاس لائی گئی ہیں،ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق گزشتہ 3 دن میں مرنے والے افراد کی تعداد عام دنوں کے مقابلے میں بہت زیاد ہے، 3 دن میں 64 لاشیں ایدھی کے سرد خانوں میں رکھوائی گئیں۔ایدھی ترجمان کا دعویٰ ہے کہ مرنے والے افراد کے لواحقین کی اکثریت نے موت کی وجہ شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک بتایا ہے۔ ترجمان کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 10 سال سے 80 سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق لانڈھی، کورنگی، نیو کراچی اورلیاری سمیت شہر کے دیگر علاقوں سے ہے۔ ادھر محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر ظفرمہدی نے واضح کیا کہ کراچی میں لو چلنے سے اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں نہیں ہوئی جتنی ایدھی نے بتائیں،محکمہ سندھ نے فیصل ایدھی کا بیان مسترد کرتے ہوئے ان سے ایدھی خانے میں لائی جانے والی میتوں اور لواحقین کے بیانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

تازہ ترین