• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیٹ ورک پر اتحاد رمضان: موذی مرض میں مبتلا کم سن بچی پر عطیات کی بارش

جیو نیٹ ورک پر اتحاد رمضان: موذی مرض میں مبتلا کم سن بچی پر عطیات کی بارش

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی براہ راست خصوصی نشریات ”اتحاد رمضان“ میں یوں تو ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں لیکن رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں جیو کے سب سے خاص مہمان دُکھی اور غربت کا شکار لوگ ہیں جنہیں اس ماہ مقدس میں سب سے زیادہ خوشیاں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ”اتحاد رمضان“ میں چھٹے روز بھی کرب اور اذیت میں مبتلا ، جھٹکوں اور گردن توڑ بخار جیسی خطرناک بیماری کا شکار ڈیڑھ سالہ بچی ہانیہ کو لایا گیا۔ پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اسٹا ئلش اداکار محمود اسلم اس نشریات کے مہمان خصوصی تھے۔ شاہد آفریدی نے بھی کم سن ڈائلیسز مریض کیلئے خصوصی پیغام دیا ۔ شیف ناہید انصاری نے کچن سیگمنٹ میں میکرونی اسپیگیٹی ، چیز بال، میٹھے کی ڈش اور مشروب بنا کر دکھایا۔ مقبول اداکار محمود اسلم نے نشریات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر کا درس دیتا ہے، کم کھانے اور ورزش کرنے سے انسان بوڑھا نہیں ہوتا۔ انسان کا دِماغ فٹ رہے تو وہ جوان رہتا ہے، دِماغ کمزور ہو جائے تو انسان نوجوانی میں بھی بوڑھا ہو جاتا ہے۔ کچھ گھریلو ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد اللہ کے گھر کی زیارت کی سعادت حاصل کروں گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ میں بہترین کھانے، روٹی اور مزیدار پراٹھے بنا لیتا ہوں، کھانے پکانے کا ایک پروگرام ”جیوٹی وی“ پر بھی کر چکا ہوں۔ سیگمنٹ ”جذبہ¿ خدمت“ بچی ”ہانیہ“ کو لایا گیا جسے جھٹکے اور گردن توڑ بخار کی بیماری تھی۔ بچی کے والدین بھی اس کے ہمراہ تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے سبب ہمارے گھر میں بہت مشکلات آچکی ہیں، اب بچی کے علاج معالجے کیلئے پیسے نہیں رہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس بچی کی گردن ایک جگہ ٹک نہیں سکتی اور ہم اسے ایک منٹ کیلئے بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ اس کا بخار فوراً عروج پر پہنچ جاتا ہے جس کے بعد آنکھیں پھٹنا اور منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہوجاتی ہے۔ بچی اکثر ایمرجنسی وارڈ میں رہتی ہے، ہانیہ کا علاج چائلڈ لائف فاؤنڈیشن میں جاری ہے لیکن مکمل اور بہترین علاج کیلئے 4-5 لاکھ روپے کی فوری ضرورت ہے۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے بانی احسن ربانی کا کہنا تھا کہ گردن توڑ بخار کا تعلق گھر اور محلے کی صفائی ستھرائی سے ہوتا ہے، بچوں کی مکمل ویکسینیشن بھی نہیں کرائی جاتیں اس طرح یہ بیماریاں سر اُٹھاتی ہیں۔ ایسے بچوں کیلئے طویل مدتی علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ میزبانوں نے مخیر حضرات سے عطیات کی اپیل کی جس کے بعد بذریعہ ٹیلیفون بہاولپور سے ذیشان شاہ نے ایک لاکھ روپے ، چکوال سے محمد ارشد نے اس فیملی کو رکشہ یا رکشے کی رقم ، کراچی سے حیدرعلی نے 40 ہزار روپے ، ساہیوال سے حافظ علی نے اپنے پورے ماہ کی تنخواہ ، لاہور سے ناہید نے 50 ہزار اور بیشتر لوگوں نے نام نہ بتانے کی شرط پر عطیات دیئے ۔ سیگمنٹ کے اختتام پر بچی کیلئے تقریباً پانچ لاکھ روپے سے زائد کے عطیات جمع ہوچکے تھے۔ اس موقع پر محمود اسلم کا کہنا تھا کہ خوش قسمت لوگوں کو خدا بیٹیاں عطا کرتا ہے ، ہمیں ہر مشکل اور مصیبت میں اچھائی کا پہلو تلاش کرنا چاہئے۔ اُنہوں نے ہانیہ کے والدین کو دلاسہ دیا کہ اِس طرح کی مشکلات کے پیچھے خدا کی کوئی نہ کوئی مصلحت ضرور پوشیدہ ہوتی ہے لہٰذا ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ والدین کے ساتھ ہانیہ کی بڑی بہن وانیہ نے بھی عطیات دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ”جان کر جیو“ میں ورقہ خالد نے ”عقل مند بچے کا واقعہ“ بیان کرکے سب کو حیران کردیا۔ محمود اسلم بھی بچوں کے ساتھ بچہ بن کر بیٹھے رہے اور آخر میں ورقہ کے انداز بیاں کی تعریف کی۔ مباحثے پر مشتمل سیگمنٹ ”دِل سے کہہ دو“ میں محمد سلمان شیخ، وریشہ فاطمہ، سونم خورشید اور حسنین اختر نے حصہ لیا۔ ”اور کتنوں کا لہو چاہئے اے عرض وطن“ کے موضوع پر دلچسپ تقاریر کے بعد حسنین اختر فاتح قرار پائے۔ گذشتہ دِنوں ڈائلیسز کے مریض کم سن بچے ”ماسٹر امتیاز“ نے شاہد آفریدی کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ شاہد آفریدی کی عدم موجودگی کے سبب اُس دِن تو شاہد آفریدی سے ٹیلیفون پر بات نہ ہوسکی تھی لیکن منگل کو شاہد آفریدی نے بذریعہ ٹیلیفون ماسٹر امتیاز کے ساتھ کرکٹ کھیلنے اور اُس کے علاج میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ ”قصص القرآن“ میں عمیر رانا نے ”وادی نخل، حدودِ حرم، وادی¿ جن، مسجدِ خیف (عرفات)، مسجد عائشہ، مسجد قباء، مسجد بنی حارثہ (مسجدِ مستراح) اور مسجدِ جعرانہ کے حوالے سے مرتب کی گئی خصوصی دستاویزی فلم دکھائی۔ نشریات میں بطور مہمان آنے والے عمیر رانا نے بتایا کہ میں مسلسل سفر میں ہوں، چار مرتبہ مکہ کی زیارت کر چکا ہوں ہر بار کچھ نیا دیکھنے کو ملا ہے۔ اب میرا دوسرا سفر شروع ہورہا ہے، قوم عاد اور ہود کے حوالے سے جامع تحقیق کرنے اور حضرت صالحؑ کے مزار کی زیارت کیلئے اومان جا رہا ہوں اور جلد نئی دستاویزی فلمیں بنا کر عوام کے سامنے لاؤں گا۔ نعتیہ مقابلے ”صدائے حسان“ کی صدارت اویس رضا قادری نے کی۔ عبدالمعیز، حسنین ، راؤ علی حسنین، محدث اور حافظ فیضیاب بابر نے نعتیہ کلام پڑھے۔ عبدالمعیز کی حوصلہ افزائی کیلئے اُنہیں موٹربائیک انعام میں دی گئی۔ اویس رضا قادری نے نعتیہ کلام پڑھے اور جیو کے سیٹ پر اذان دی جس کے بعد سب نے ملکر افطار کیا۔ اتحاد رمضان کی سحر نشریات کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک ، حمد اور نعتوں سے ہوا۔ مختلف لہجوں میں قرا¿ت کرنے والے قاری صالح علی حسن خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں جو ”اتحاد رمضان“ کی سحر نشریات میں تلاوت کلام پاک پڑھ کر دِلوں کو نور سے منور کردیتے ہیں۔ معروف مذہبی اسکالر جنید اقبال نے ٹرانسمیشن کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ ممتاز علماءکرام نے ”عالم آن لائن“ میں قرآن و سنت کی روشنی میں گفتگو کی۔ اویس رضا قادری نے اپنی خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پڑھ کر فضا کو معطر کیا، تقریری مقابلے کا سیگمنٹ ”دِل سے کہہ دو“ بھی ہوا اور سب نے ملکر سحری کی۔

تازہ ترین