• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، ہزاروں میگاواٹ بجلی پیداوار کے دعوے کہاں گئے؟ اپوزیشن

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے دعوے کہاں ہیں۔رشید گوڈیل نے کہا کہ کراچی میں بجلی، پانی اور گیس ناپید ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ یہی صورتحال رہی تو لوگ اٹھ کھڑے ہونگے، شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں حق نہیں دیا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم کے رشید احمد گوڈیل نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے لیکن وہاں پر بجلی ،پانی اور گیس ناپید ہے ہم کس سے گلہ کریں، کراچی کی ڈھائی کروڑ افراد انسان ہیں انہیں بھی گرمی لگتی ہے، کے الیکٹرک اگر بجلی نہیں دیتا تو وفاق یا صوبائی حکومت جس کا بھی مسئلہ ہے وہ حل کرے ،عامر مگسی نے کہا سندھ 67 فیصد گیس پیدا کرتا ہے لیکن ہمارا صوبہ اور اضلاع گیس سے محروم ہیں، عارف علوی نے کہا حکومت نے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے دعوے کئے ہیں، بجلی کہاں گئی، پورے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ حکومت کیخلاف اٹھ کھڑے ہونگے، کراچی کو ساڑھے گیارہ سو ملین گیلن پانی کی ضرورت مگر پانچ سو ملین فراہم کیا جارہا ہے۔ شازیہ مری نے کہا میرے علاقے جہاں سے گیس نکلتی ہے اسکے قریبی دیہات اور شہری علاقوں میں گیس کے کنکشن نہیں دئیے جارہے ہیں، وفاقی حکومت نے متعدد بار اقدامات کرنے کیلئے یقین دہانی کرائی لیکن عملدرآمد نہیں ہوا، ہمیں حق نہیں دیا جارہا۔ رمیش لال نے کہا روز دعوے کرتے تھے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی گریڈ میں ڈال دی ہے پوچھتا ہوں بجلی پیدا ہوتی ہے تو کہاں جاتی ہے۔ کیپٹن( ر) صفدر نے کہا پانچ سال گزر گئے پچاس کروڑ روپے ہزارہ میں ائر پورٹ ، ڈرائی پورٹ اور حاجی کیمپ بنانے کیلئے رکھے گئے ہیں لیکن وہاں ابھی تک ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی، اب صرف پندرہ دن رہ گئے ہیں تو یہ پیسے کسی اور کام کیلئے استعمال نہ ہوجائیں، ہزارہ کے لوگوں کو الگ صوبہ تو نہیں دیا ہماری لاشیں گرا دی گئیں۔ شہریار آفریدی نےکہا کوہاٹ ،ہنگو میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14؍ سے 16؍ گھنٹے ہے، گیس بھی فراہم نہیں ہورہی۔ آفتاب شیر پائو نے کہا ہمارے علاقے دہشت گردی کی لپیٹ میں آئے تھے، ہمارے علاقوں کو خصوصی ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں، ہمیں جان بوجھ کر پسماندہ رکھا جاتا ہے۔ شیر اکبر خان نے کہا ہمیں صرف اچھے خواب دکھائے جاتے ہیں عملی طور پر کچھ نہیں کیا جاتا۔
تازہ ترین