• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سبیکہ شیخ کی میت گھر پہنچادی گئی

امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکہ عزیز شیخ کی میت گلشن اقبال میں اُن کے گھر پہنچادی گئی۔


سبیکہ شیخ کی میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب غیرملکی پرواز کے ذریعے کراچی لائی گئی۔

سبیکہ کی میت لینے کے لیے لواحقین ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے،سبیکہ شیخ کی میت والد شیخ عبدالعزیز اور والدہ کے حوالے کی گئی۔

اس موقع پرامریکی قونصل جنرل جون وارنر بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔

اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سبیکہ شیخ کی میت کو سلامی دی گئی۔ بعد ازاں میت ایئرپورٹ سے ان کے گھر گلشن اقبال پہنچادی گئی۔

سبیکہ شیخ کی میت گھر پہنچادی گئی

18 مئی کو فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی سبیکہ کی نماز جنازہ صبح 9 بجےحکیم سعید گراؤنڈ یونیورسٹی روڈ پر ادا کی جائے گی جبکہ تدفین شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ قبرستان ہوگی۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جوزف ووٹل نے آرمی چیف سے سبیکہ شیخ کی موت پر تعزیت کی اور معصوم جان کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا۔

کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکہ عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔

18 مئی کو فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو کہ اسی اسکول میں زیرتعلیم ہے۔

سبیکہ شیخ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں، وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں۔

سبیکہ شیخ کی میت گھر پہنچادی گئی

امریکا میں سبیکہ کا میزبان خاندان اس کی اچانک موت پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا،سبیکہ کے بار ے میں بات کرتے ہوئے امریکی خاتون میزبان کی آنکھوں سے آنسوؤں کی لڑیاں بہتی رہیں، خاندان کے سربراہ نے سبیکہ کو قدرت کا سب سے قیمتی تحفہ قرار دیا۔

تازہ ترین