• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی مشروبات فیکٹری سیل،2مصالحہ فیکٹریوں کو جرمانہ

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں جعلی مشروبات کی فیکٹری سیل کر کے 2 مصالحہ اور 8 آئس فیکٹریوں پر جُرمانے عائد کردیئے۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطاءاللہ خان کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی افسران نے صبح سویرے بعد از نماز فجر ترناب فارم میں واقعہ جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں غیر معیاری مشروبات سمیت دیگر کمپنیوں کے برانڈز بھی تیار کیے جاتے تھے ۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کمپنی پر جعلی برانڈنگ اور جعلی لیبلنگ کی دفعات لگا کر سیل کر دیا گیا ۔ ترجمان کے یہ بھی کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تین مصالحہ فیکٹریوں کو بھی چیک کیا اور صفائی کی ابتر صورت حال پربھاری جرمانے عائد کر دیئے۔ اسی طرح آئس فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے کوہاٹ روڈ پر واقع 8 برف خانوں پر صاف پانی میں خطرناک گیس کے اخراج پر مجموعی طور پر4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کر دیئے گئے ہیں ۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وارننگ نوٹس کے باوجود ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 2 آئس فیکٹریوں کو تالے لاگا دیئے گئے ۔دوسری جانب مردان میں اتھارٹی کی ٹیم نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے مردان M-1موٹروے پر ٹک شاپش کی چیکنگ کی اور زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے جبکہ ساتھ میں واقع ریسٹورنٹ کو بھی وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے ۔اُدھر سوات میں بھی گوشت کی ذخیرہ اندوزی سے نمٹنے کے لیےکےپی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور لائیوسٹاک کے باہمی تعاون سے 30 قصاب خانوں کی چیکنگ کی جہاں 500 کلو گرام مضر صحت قیمہ اور گوشت قبضہ میں لے کر تلف کر دیا گیا۔
تازہ ترین