• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آج کے دور کی جدید الماریاں

آج کل انداز Minimalism کا دور ہے جس کااردو ترجمہ ہم نے ’’ اختصاریہ ‘‘ تخلیق کیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ آپ کم سے کم اشیا کے ساتھ زندگی گزاریں۔ جاپان میں تو اس طرز زندگی کو بہت سے لوگوں نے اپنا لیا ہے ۔ ان لوگوں نے پلنگ وغیرہ چھوڑ کر فرش پر سونا شروع کردیا ہے۔ چونکہ یہ لائف اسٹائل ہمارے ہاں نہیں آیاہے اور ہم Minimalisticنہیں بن پائے ہیں، اپنے گھر میں اشیا کو ٹھونس لیتے ہیں او رپھرکم جگہ کا رونا رونے لگتے ہیں۔ اس پریشانی کاحل اہل مغرب نے یوں نکالا کہ الماریوں کو دیواروں ، یا سیڑھیوں میں فکس کردیا اور فولڈنگ بیڈز استعمال کرنا شروع کردیے۔ عموماََ ایسی الماریاں بھی ہوتی ہیں جو سلائڈ کرکے باہر آجاتی ہیں اورپھر واپس اندر چلی جاتی ہیں۔ بہت سے ڈائننگ ٹیبلز بھی ایسے ہیں کہ آپ نے کھانا کھایا اور اسے فولڈ کرکے دیوار پر ایستادہ کردیا۔ تاہم بات ہورہی ہے الماریوں کی تو ہم اسی پر فوکس کرتے ہیں۔

اگر آپ اپنے سونے کے کمرے میں جدید طرز کی کپڑوں کی الماری شامل کرنا چاہ رہے ہیں تو پھراس میں آئینے شامل کرلیں اس سے آپ کو سجنے سنورنے میں مدد بھی ملے گی اور یہ آئینے روشنی کو کمرے کے ہر کونے میں منعکس کر کے کمرے کو روشن بنا دیں گے۔

اگر آپ کے بیڈروم میں متعدد کونے اور زاویے ہیں تو پھر ایک جیسی نظر آنے والی کونے میں لگی الماریاں آپ کیلئے بہترین رہیں گی۔ اس طرح کی کپڑوں کی الماری بناکر آپ کمرے میں فرش کی جگہ کے ہر انچ کو استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔

آپ کےڈھیر سارے کپڑوں کی الماری کی آرائش کا ایک اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ الماری کے دروازے ہلکے رنگ کے مستطیل شکل کے شیشے والے ہوں۔ یہ نہ صرف خوبصورت لگتے ہیں بلکہ وزن میں بھی ہلکے ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

مہنگی المار ی آپ افورڈ نہیں کرسکتے تو آپ سستے متبادل کے طور پرپرت دار لکڑی استعمال کرسکتے ہیں۔ جس کیلئے آپ انٹرنیٹ پر آسانی سے متعدد ڈیزائن ڈھونڈ سکتے ہیں ۔

اب کھلنے اور بند ہونے والے پٹ کو چھوڑدیں اورسلائڈنگ ڈورز والی الماریاں استعمال کریں جس سے کافی جگہ بھی بچ جاتی ہے۔ یہ الماریاں نہ صرف استعمال کرنے میں آسان ہوتی ہیں بلکہ جب آپ دروازہ سلائڈ کرتے ہیں تو کپڑے اوندھے منہ باہر گر نہیں پڑتے۔

اگر آپکے کمرے کی چھت کسی طرف سے جھکی ہوئی ہے تو پھر اسی طرز کی الماری بنوانے پر غور کرنا چاہئیے۔آپ الماری کو آڑ کے طور پر بنا کر بیڈ اورا سٹڈی کے درمیان کاحصہ الگ کرسکتے ہیں۔

اگر آپ کے پاس بہت بڑی جگہ ہے اور آپ اسے استعمال میں لانا چاہتے ہیں تو آپ کے لیے واک۔ان الماری بہترین ہے۔ نہ صرف یہ الماری اعلیٰ اوربہترین نظر آتی ہے بلکہ یہ آپکے سامان کو ترتیب سے رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔

فرش کی اضافی جگہ کو استعمال میں لانے کے لیےکپڑوں کی الماری کی فرش تک توسیع کر دینا بہتر ہے۔اسطرح کرنے سے اپ کو اضافی جگہ مل جاتی ہےجس سے جوتے بیگز وغیرہ بھی ٹھکانے لگ جاتے ہیں۔

اپنی الماریوں کی چھت کی طرف توسیع کر کے بھی آپ عمودی جگہ کا ایک ایک انچ استعمال کر سکتے ہیں جو کہ چھوتے سے گھر کے لیے بڑا فائدہ مند ہے۔یہ جگہیں وہ اشیاء رکھنے کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں جو کبھی کبھی استعمال ہوں مثال کے طور پر سفری بیگ وغیرہ۔

اگر آپ کا بیڈ روم چھوٹا ہے اور آپ اس میں جگہ بڑھانا چاہ رہے ہیں تو اسطرح بیڈ کی سائیڈ والی الماریاں بنانا بہترین خیال ہے۔آپ ان الماریوں کے اوپری حصے میں اضافی شیلف بنا سکتے ہیں اور ان میں آرائشی اشیاء بھی رکھ سکتے ہیں۔

کسی بھی پاکستانی گھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی جگہ کچن ہےاور اس کے لیے مناسب جگہ کا ہونا ضروری ہے۔اسطرح کی نفیس پتلی الماری بنانے کے لیے کچن کے فرش کو مسدود کیے بغیر کچن کی جگہ کو بڑھانا ہے تاکہ کچن میں کام آسانی سے ہو۔

اگر آپ اپنا بیڈ روم روایتی طرز کے مطابق بنانا چاہ رہے ہیں تو اس کے لیے اس میں طویل طرز کی الماریاں بنانا ٹھیک رہے گا۔ آپ ان الماریوں میں پیتل کے ہینڈل لگا کر ان الماریوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

ایسے کمرے جن میں زیادہ جگہ کی ضرورت ہو ان میں الماریاں دیوار کے اندر لگادی جاتی ہیں۔ آپ سوچتے ہوں گے کہ یہ الماریاں زیادہ جگہ لیں گی لیکن انکی گہرائی کو کم کر کے نہ صرف ہم جگہ بچا سکتے ہیں بلکہ پورے حصے کو جاذب نظر بنا سکتے ہیں۔

اگر آپ کو لٹکانے کے لیے زیادہ جگہ چاہئیے بنسبت شیلف کے تو کوٹ والی الماری کمرے کے کسی بھی حصے میں موزوں لگ سکتی ہے اور آپ اسے گہرا رنگ کروا کے خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

ایک بہترین طریقہ ہے بچوں کی الماری بنانے کا کہ الماری کے دروازے پر دلچسپ کارٹونز کی تصاویر لگائی جائیں۔آپ الماری کو پر کشش بنانے کے لیے الماری کو ہلکے اور روشن رنگ کر سکتے ہیں۔

خانہ دار الماریوں کو اس طرح سے ترتیب دے سکتے ہیںکہ ان میں ایک آرٹسٹک ٹچ آجائے تو یہ ایک اچھا انتخاب ہو سکتا ہے۔آپ مختلف ناپ کے شیشوں کا ایک مجموعہ الماری کے دروازوں پر لگاسکتے ہیں۔

تازہ ترین