امریکا کے اسکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم دیمتریس پاگورٹس کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا اچھا لڑکا تھا،کسی سے لڑا ئی جھگڑا نہیں کرتا تھا،پتا نہیں اس نے ایسا کیوں کیا؟ کاش میں اسے روک سکتا۔
امریکا کے اسکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم دیمتریس پاگورٹس کے والد کا کہناہے کہ مجھے دوسروں کے درد کا احساس ہے اور بہت افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ان کا بیٹا کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں کرتا تھا ،وہ ایک اچھا لڑکا تھا، شراب بھی نہیں پیتا تھا، اسے ورزش اور ایسی دوسری سرگرمیوں کا شوق تھا۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں 18 مئی کو 17 سالہ دیمتریس پاگورٹس کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔
فائرنگ سے کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکہ عزیز شیخ بھی جاں بحق ہوگئی تھیں جو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔
فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو کہ اسی اسکول میں زیر تعلیم تھا۔