• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف حادثات و واقعات میں4 افراد ہلاک، 3 زخمی،مرنے والوں میں چچا اور بھتیجا بھی شامل

میرپورخاص+کوٹری+کوٹ غلام محمد(نامہ نگاران) مختلف حادثات و واقعات میں 4؍افراد ہلاک اور 3؍زخمی ہوگئے جبکہ مرنے والوں میں چچا اور بھتیجا بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کےمطابق میرپورخاص انتہائی مصروف اور گنجان کاروباری اور رہائشی علاقے نیوٹاؤن میں مبینہ شارٹ سرکٹ کے باعث الیکٹرانکس کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، اور پورے علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا،اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں کی مدد سے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،تاہم آتشزدگی کے باعث دکان کو شدید نقصان پہنچا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا،دریں اثناء میرپورخاص کے تعلقہ سندھڑی کے گاؤں عظیم سمیجو اور گاؤں یعقوب شر میں آتشزدگی کے دوالگ الگ واقعات میں 12گھر بھاری مقدار میں گندم،بستر،کپڑے،جہیز کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا اور گھروں کے مکین کھلے آسمان تلے آگئے۔عینی شاہدین کے مطابق بروقت اطلاع دینے کے باوجود ہنگورنو ٹاؤن کمیٹی کی فائر بریگیڈ تاخیر سے موقع پر پہنچی۔ کوٹریاسٹیشن روڈ پر نامعلوم مسلح افراد ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ملازم محمد علی کو اسلحہ کے زور پر روک کر نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے جبکہ خدا کی بستی ببر اسٹاپ سے مسلح افراد اسلحہ کے زور پر سیلز مین سے 20ہزار نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ایک اور واردات میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے جانو پاڑہ میں راہگیر کو لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں ۔ کوٹ غلام محمد نواحی علاقے جھلوری کے گاؤں مامورا میں میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے سبب تقریباً 30 کچے مکانات اور ان میں رکھا ہوا تقریباً 100 من اناج اور دیگر ساز و سامان خاکستر ہوگیا جبکہ دو بھینسیں ، چار بکریاں اور ایک درجن کے قریب مرغیاں بھی ہلاک ہوگئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ آگ ایک گھر سے شروع ہوکر پورے گاؤں میں پھیل گئی اور علاقے میں پانی کی شدید قلت کے باعث بروقت بجائی نہیں جا سکی۔ گاؤں کے مکین اس وقت شدید گرم موسم میں کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ ٹنڈو محمد خان نصیرآباد کے رہائشی 70 سالہ شخص عبدالقیوم میمن نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکر پھلیلی نہر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی جسے موقع پر موجود آصف علی پڑھیار، صادق نے بچا کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ عمرکوٹ نبی سر روڈ کے کیٹل فارم کے قریب 12 ایکڑ اراضی پر پینے کا پانی جمع کرنے کیلئے تھرکول اٹھارٹی کی جانب سے بنائے گئے ڈیم میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مویشیوں کو چچا حسین چانڈیو اور بھتیجا عرفان پپو پانی پلا رہے تھے کہ 12 سالہ بھتیجے عرفان پپو کا پائوں پھسل گیا اور وہ ڈیم میں جا گرا جس پر چچا حسین نے اپنے بھتیجے کو بچانے کیلئے ڈیم میں چھلانگ لگائی تو وہ بھی ڈوب گیا۔ کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد گاؤں والوں نے ان دونوں کی لاشیں نکال کر گاؤں اسحاق چانڈیو پہنچادیں جہاں گھر اور علاقے میں کہرام مچ گیا اور ماحول سوگوار ہو گیا۔ ٹھری میرواہ ہنگورجہ کے قریب قومی شاہراہ سے ایک بوڑھے شخص کی لاش ملی ہے ہنگورجہ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کی جس کے بعد رانی پور کے ایدھی رضاکاروں کو اطلاع دی گئی پولیس کے مطابق لاش کی شناخت نہیں ہوسکی جس کے بعد لاش ایدھی کے حوالے کردی گئی۔ خیرپورناتھن شاہ پھلجی سڑک پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار گاؤں پیارو آرائیں کے رہنے والے دو افراد علی اصغر آرائیں اور ظفر اقبال آرائیں شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال دادو میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویش ناک حالت میں نوبشاہ ریفر کیا گیا۔ دریں اثناء گاؤں غلام چانڈیو میں سانپ کے ڈسنے سے دیہاتی جنسار چانڈیو سخت زخمی ہوگیا۔زخمی کو بیہوشی کی حالت میں سول اسپتال میں داخل کیا گیا۔ علاوہ ازیں گاؤں اسحاق ماچھی میں بیس سالہ نوجوان نظیراحمد ولد محمد علی ماچھی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر مبینہ طور پر زہریلی دوائی پی کر خودکشی کرلی۔ شہدادپور ایس ایچ او شہدادپور سہیل احمد خاصخیلی نے پولیس نفری کے ہمراہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے روپوش ملزم فوٹو جو پولیس کو دیگر مقدمات میں مطلوب تھا کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جبکہ جٹیا چیک پوسٹ کے انچارج افتخار باجوہ نے مضر صحت گٹکا فروخت کرنے والے ہول سیلر کی دکان پر چھاپہ مار کر ایک ملزم عرفان ملک کو گرفتار کر کے اس سے 70پیکٹ گٹکا برآمد کر کے تھانہ لے آئی اور مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا۔دریں اثناء شہر سے ارشد راجپوت کو گرفتار کر کے 61پیکٹ گٹکا برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

تازہ ترین