• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کپتان انگلینڈ کی خراب فارم سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں

 
پاکستانی کپتان انگلینڈ کی خراب فارم سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں

لارڈز (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ گذشتہ چار ماہ سے انگلینڈ کی ٹیم اچھی فارم میں نہیں ، اعتماد کی بھی کمی ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ اس خامی کا فائدہ اٹھا سکیں۔ بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز کی کوشش کریں گے۔ میں دو سال پہلے لارڈز ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھا لیکن موجودہ ٹیم میں کچھ باصلاحیت نوجوان ہیں۔ بدھ کو لارڈز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے۔ انہیں ان کی کنڈیشنز میں ہرانا آسان کام نہیں ہے۔ گذشتہ چار ماہ میں انگلینڈ کو ایشز میں شکست ہوئی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے ملک میں ہرایا۔ انگلینڈ میں ہمیں مختلف موسموں کا بھی سامنا رہا ہے کہیں بہت زیادہ سردی رہی ہے اور کہیں گرم موسم ملا ہے۔ لندن میں موسم بہت اچھا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ یاسر شاہ کی کمی محسوس ہوگی ان کی عدم موجودگی میں ہمیں پانچ بولروں کے ساتھ میچ کھیلنا پڑ رہا ہے۔ شاداب اور فہیم اشرف پانچویں بولر کی کمی کو پورا کررہے ہیں۔ یاسر شاہ نے لارڈز ٹیسٹ میں دس اور اوول ٹیسٹ میں8وکٹ لئے تھے اور ہماری جیت کے مرکزی کردار تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام الحق نے ڈبلن ٹیسٹ میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی۔ اس سے میں خوش ہوں۔ ایک نوجوان کھلاڑی مشکل وقت میں72رنز بناکر میچ جتوا دے اس سے بہتر کوئی اور چیز نہیں ہوسکتی تھی۔ امید ہے کہ امام الحق اس کارکردگی کے معیار کو برقرار رکھیں گے۔ حسن علی کے ہاتھ میں دو ٹانکے آئے ہیں انہیں صبح چیک کرکے فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔ بابر اعظم کو گیند لگی تھی لیکن وہ ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں ہے اس لئے مجھ پر کارکردگی کے لئے دبائو ہے۔ کپتانی اچھی ہورہی ہے لیکن اپنی انفرادی کارکردگی کو بھی بہتر بنانا چاہتا ہوں۔ کوشش کررہا ہوں کہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ سے بھی ٹیم کو فائدہ دوں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں پر کارکردگی کے لئے ذمے داری بڑھ گئی ہے۔ فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوگا۔ ڈبلن ٹیسٹ جونیئرز نے جتوایا جونیئرز کی کارکردگی ٹیم کے لئے اچھی بات ہے۔

تازہ ترین