• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کو قابل عمل نئی تعلیمی پالیسی کی ضرورت ہے، پروفیسر انوار احمد زئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قوم کو قابل عمل نئی تعلیمی پالیسی کی ضرورت ہے، یہ بات ضیاء الدین یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اورمعروف ماہرتعلیم پروفیسر انوار احمد زئی نے پاکستان ایجوکیشن فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو انیس الرحمن اور ذکیہ سلطانہ کی قیادت میں صوبہ سندھ کے سرکاری تعلیمی اداروں کی تباہی کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کو حتمی شکل دینے کی غرض سے ان سے ملاقات کیلئے آیا تھا۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا کہ اس وقت جب ہمارا ملک فکری انتشار اور ذہنی دبائو کے تحت انتخابات کی منزل سے گزرنے جارہا ہے ہر ووٹر کو چاہئے کہ وہ سیاسی پارٹیوں کے منشور میں تعلیمی پالیسی کی جگہ کو دیکھ کر اپنا فیصلہ کرے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک اٹھارہ تعلیمی پالیسیاں اور رپورٹس آچکی ہیں جو قابل عمل نہیں تھیں، اب اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہر صوبے کو اپنی تعلیمی پالیسی مرتب کرنا ہوگی اس کیلئے کسی سیاسی پارٹی نے ابھی تک کوئی واضح کام نہیں دکھایا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ والدین اور طلباء کے ساتھ مل کر ایک انقلابی ذہنی فورم تشکیل دیں جو صرف ایک مطالبہ رکھے کہ ہم اسے ووٹ دیں گے جو تعلیم کو ووٹ دے گا۔
تازہ ترین