• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہالینڈ کی ڈائری…راجہ فاروق حیدر
رحمتوں، برکتوں اور فضیلتوں کے مہینے ماہ صیام کا آغاز ہوچکا ہے۔ عرصہ دراز کے بعد اس سال وطن عزیز پاکستان، مڈل ایسٹ، یورپ، امریکہ سمیت دُنیا بھر میں ماہ صیام کا تقریباً ایک ہی دن آغاز کیا گیا ہے۔ نیدر لینڈ میں بھی گیارہ لاکھ سے زیادہ مسلم کمیونٹی آباد ہے مساجد کی رونقیں قابل دید ہیں۔ توحید کے متوالے بڑے جوش و جذبے سے عبادات میں مشغول نظر آتے ہیں۔ میں گزشتہ30سال سے روزنامہ جنگ میں ہالینڈ کی ڈائری کے عنوان سے کالم تحریر کررہا ہوں۔ یہ بات میں اپنے ذاتی تجربے کی بنا پر لکھ رہا ہوں۔ ادارے نے ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور مثبت سوچ پر مشتمل کالم کو ترجیحات پر اپنے موقر اخبار میں ہمیشہ جگہ دی ہے، جس کا میں تہ دل سے شکر گار ہوں۔ آج کا کالم میں معاشرے کی مفلوک الحال دکھی انسانیت کے نذر کررہا ہوں۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہماری پاکستانی قوم زکوٰۃ کے علاوہ بھی ہر سال وافر مقدار میں صدقہ، خیرات عطیہ کرتی ہے۔ یہ بات حقیقت ہے۔ ’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔‘‘ برطانیہ اور یورپ میں مجھے ایسی تقریبات میں شرکت کا موقع ملتا رہتا ہے۔ گزشتہ روز مانچسٹر میں ایک چیریٹی پروگرام جس میں تحریک انصاف کے قائد عمران خان بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں چند گھنٹوں میں جمع ہونے والے عطیات9لاکھ پونڈ سے تجاوز کرگئے اس طرح گھرکی ہسپتال لاہور کیلئے بھی ڈھائی لاکھ پونڈ جمع ہوگئے۔ یورپ پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں بے شمار تنظیمیں سرگرم عمل ہیں۔ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی قوم میں دن بہ دن یہ جذبہ بڑھ رہا ہے۔ مرحوم و مغفور عبدالستار ایدھی کو قوم نے اپنا رول ماڈل بنالیا ہے۔ میں گزشتہ تقریباً45سال سے نیدر لینڈ میں مقیم ہوں۔ مختلف سماجی اور رفاہی تنظیموں کے ساتھ منسلک ہوکر انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے حصے کا چراغ جلانے کی کوشش کرتا ہوں۔ میرے نزدیک شکوہ شب ظلمت سے کہیں بہتر ہے کہ انسان اپنے حصے کا چراغ جلاتا جائے۔ حضرت امام حسینؓ کا بھی قول ہے کہ ’’انسان انفرادی طور پر بدلے تو معاشرہ خود بخود بہتر ہوجائے گا۔‘‘ اس دفعہ مجھے اپنے آبائی قصبہ ڈنگہ ضلع گجرات جوکہ اب ایک بڑے شہر کی حیثیت اختیار کرچکا ہے مجھے جانے کا اتفاق ہوا تو میرے لیے یہ بات بڑی خوش آئند تھی کہ میری بہت سارے ایسے دوستوں سے ملاقات ہوئی جنہوں نے خدمت خلق اور دُکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے۔ کیئرCAREویلفیئر سوسائٹی ڈنگہ کے سرپرست اعلیٰ ملک محمد جاوید اعوان، صدر ملک نوید احمد اعوان، جنرل سیکرٹری ملک ضیاء، حنیف احسان اللہ مغل، ڈاکٹر محمد مشتاق مغل یہ تمام احباب خراجِ تحسین کے مُستحق بچوں کی کالج کی فیسیں مقامی ہسپتالوں میں ادویات، بیڈ، الیٹرا سائونڈ مشینیں سیکڑوں مُستحق خاندانوں میں راشن کی فراہمی بچیوں کی شادیوں پر جہیز اور بارات کے لیے کھانا میجر اکرم نشانِ حیدر چوک اور ڈنگہ ضلع گجرات میں اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں کی تعمیر اور دیگر کام شامل ہیں اس طرح فرینڈز سوسائٹی میں ڈنگہ بھی ایک مثالی تنظیم ہے جو متعدد رفاہی اور سماجی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انجمن بہبود مریضاں بھی گزشتہ5سال سے مُستحق مریضوں کو ادویات فراہم کرنے ڈنگہ کے ہسپتالوں میں ایکسرے لیبارٹریز کا سامان مہیا کر رہے ہیں۔ اس کارِخیر کو انجام دینے میں پریس کلب ڈنگہ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر اعجاز احمد، صدر محمد شریف چشتی، شیخ جاوید احمد نذیر، جنرل سیکرٹری حکیم عبدالجبار پیش پیش ہیں۔ رمضان المبارک کے فضلیتوں والے مہینے میں ہمیں غرباء، مساکین، یتیموں، بیوہ، بے آسرا لوگوں کو یاد رکھنا ہوگا۔ میرے آبائی شہر ڈنگہ ضلع گجرات میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خلوص دل سے مصروف عمل این جی او کیئر ویلفیئر سوسائٹی ڈنگہ کے سرپرستی اعلیٰ ملک جاوید اعوان، صدر ملک نوید احمد اعوان، سیکرٹری جنرل حکیم عبدالجبار اور تنظیم کے تمام اراکین کا دلی طور پر مشکور ہوں کہ تنظیم نے میری ادنیٰ سی معاونت کو شاندار انداز میں پذیرائی بخشی اور دعا گوہوں کہ مولائے کائنات تنظیم کے اراکین کو انسانیت کا مشن اسی جوش و جذبے سے انجام دینے کی توفیق بخشے اللہ تعالیٰ کے نزدیک قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ انسانیت کی خدمت ہے۔
تازہ ترین