• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام پارکس سے تجاوزات اور تجارتی سرگرمیاں ختم کریں گے،میئرکراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں تمام پارکس ،پلے گرائونڈز اور دیگر تفریحی مقامات پر ہر قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے خاتمے کی مہم تمام تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گی،ہل پارک سے تمام ہوٹل اور تجاوزات کو رات گئے ایک آپریشن کے ذریعے مسمار کردیا گیا یہی کارروائی شہر کے دیگر پارکس اور کھیل کے میدانوں میں تجاوزات کے خلاف کی جائے گی،سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے تحت رفاعی پلاٹس اور تفریحی مقامات پلے گرائونڈز اور پارکس میں کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں اور نہ ہی ان مقامات پر پختہ یا نیم پختہ تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے جبکہ کے شہریوں کی جانب سے بھی اس سلسلے میں شکایات موصول ہو رہی ہیں لہٰذا ایسے مقامات پر غیرقانونی اور بلااجازت تجارتی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی تجارتی سرگرمیاں بند کردیں، بصورت دیگر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات ان کے خلاف کارروائی کرکے جگہ خالی کرائے گا اور وہاں موجود سامان ضبط کرلیا جائے گا، صدر اور شہر کے دیگر علاقوں میں تجارتی مراکز کے اطراف جاری انسداد تجاوزات کی کارروائیوں کو شہریوں اور تاجر برادری نے سراہا ہے ، شہر کی بہتری کے لئے یہ آپریشن پورا رمضان تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے تجاوزات کے خلاف محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ہل پارک میں غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے 3 ریستوران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جاتی فورس کی موجودگی میں بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کرنے کے بعد خالی کرائی گئی جگہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے محکمہ چارجڈ پارکنگ کے حوالے کردی گئی ہے۔
تازہ ترین