اسلام آباد (طاہر خلیل) نیب نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی، سابق سیکرٹری اسماعیل قریشی، ائرمارشل(ر) شاہد حامد سمیت وزارت پانی و بجلی کے چھ افسروں کے خلاف بد عنوانیوں کے الزامات پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ای اوبی آئی، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، لیاری ایکسپریس وے پروجیکٹ، سابق ایم این اے ناصر علی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل، سی ڈی اے اور میٹرو ملتان میں بد عنوانیوں اورقومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے پر کارروائی کی ہدایات جاری کردیں۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے الائیڈ بنک کے اہلکاروں کے خلاف انکوائری عدم ثبوت کی بنا پر ختم کردی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔نیب نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز ،لیاقت علی خان جتوئی سابق وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی ،اسمعیل قریشی سابق سیکرٹری وزارت پانی وبجلی ، یوسف میمن ،سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی وبجلی ،غلام نبی منگریو سابق جوائنٹ سیکرٹری وزارت پانی وبجلی،عمر فاروق سابق سیکشن افسروزارت پانی وبجلی،ائیر مارشل (ر) شاہد حامدسابق چئیرمین متبادل توانائی بورڈ،نسیم اختر خان سابق سیکرٹری اے ای ڈی بی ،عارف علائوالدین سابق چیف ایگزیکٹو افسر اے ای ڈی بی اوربشارت حسن بشیر سابق کنسلٹنٹ اے ای ڈی بی کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزموں پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بشارت حسن بشیر کو غیرقانونی طورپر کنسلٹنٹ تعینات کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو2کروڑ16لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سی ڈی اے کے افسران ،میسرز پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اوردیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طورپر محکمہ جنگلات پنجاب کی زمین غیرقانونی طورپرپارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈکو الاٹ کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈطارق شفیق خان،جنرل مینیجر فخر الزمان علی چیمہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر نکوائری بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ وزارت قواعد کے تحت مبینہ طور پر غیرقانونی تقرریوںکی محکمانہ جانچ پڑتال کرے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور سہیل عمر اوردیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ وزارت کو بھیجا جائے۔نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ای او بی آئی کی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب لاہور کے افسروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ای او بی آئی کی انتظامیہ پر مبینہ طور پر 3.8ارب روپے کے حصص بینک آف پنجاب لاہور میں غیرقانونی طور پرخریدنے کا الزام ہے۔