• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکساس فائرنگ، جاں بحق سبیکا شیخ کراچی میں سپردخاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس سے قبل سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ سبیکا عزیز شیخ کے نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب نےبڑی تعدادمیں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینیٹر سلیم ضیا، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بدھ کی صبح 4بجے سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے کراچی پہنچی تھی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔ امریکی قونصل جنرل جون وارنر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔ بعدازاں سیکیورٹی کے ساتھ قافلے کی صورت میں طالبہ کا جسدِ خاکی گھر لایا گیا۔ سبیکا کے گھر کے باہر عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں کی فضا سوگوار تھی۔یاد رہے کہ کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔ وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں جمعہ (18 مئی) کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور دمیتری پارگورٹسز کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو اسی اسکول کا طالب علم تھا۔
تازہ ترین