• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم والے کبھی الگ صوبے کی بات کرتے ہیں اور کبھی معافی مانگ لیتے ہیں، مراد علی شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ توڑنے کی بات کرنے والے آج خود ٹوٹ گئے ہیں۔ایم کیو ایم کے لیڈرز صرف سیاست چمکا رہے ہیں، وہ کبھی الگ صوبے کی بات کرتے ہیں اور کبھی معافی مانگ لیتے ہیں،انہوں نے یہ بات بدھ کو شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اپنے اس دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم محبت کی سیاست کرتے ہیں، نفرت کی سیاست کرنے والے ابھی تک اپنی جان نہیں چھوڑا سکے،انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ایم کیو ایم کا اصل چہرہ بہت اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور اب وہ اس کے ہاتھوں دھوکہ کھانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے شہر کی توڑ پھوڑ میں مصروف رہے اور ہم اس کی تعمیر نو کرتے رہے، انہوں کہا کہ ایم کیو ایم والوں نے دلوں کوتوڑ کرلوگوں کو آپس میںتقسیم کیا اور ہم نے سندھی-مہاجر یکجہتی کیلئے کام کیا، مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور خدمت کی سیاست کرنے کا ہے جو لوگ شرانگیز باتیں کررہے ہیں ان کے ووٹرز ان سے بہت دور ہوجائیں گے۔
تازہ ترین