• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول نے جنوبی پنجاب صوبے کی بات کی تو کیا مراد شاہ کی لعنت ان پر بھی ہے، فیصل سبزواری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ جو لوگ علیحدہ صوبے کی بات کررہے ہیں یا کرتے ہیں ان کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سندھ اسمبلی میں کی گئی تقریر نہایت مذموم ، افسوسناک اور شرمناک ہے ، ہم اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی آواز اٹھانا پاکستان کے آئین کے تحت غداری نہیں ہے اس لئے تعصب کا عمل بند کیاجائے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کا آئین انتظامی یونٹس کے قیام کی اجازت نہیں دیتا ؟ ۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ بلاول زرداری نے جب جنوبی پنجاب میں صوبے کی بات کی تو کیا مراد علی شاہ کی لعنت بلاول پر بھی ہے یا ہم ہی تک محدود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کی ناک کے نیچے پاکستان مخالف قوتیں سندھو دیش کی بات کرتی ہیں لیکن آج تک سندھو دیش کا نعرہ لگانے والوں پر تو وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی نے لعنت نہیں بھیجی ،جو ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں ان کے خلاف خاموشی اور نااہل سندھ حکومت کی کارکردگی کے باعث شہری سندھ کے عوام اگر یہ کہیں کہ ہمیں اختیار اور حقوق دیں تو آپ کہیں کہ ان پر لعنت یہ عمل افسوسناک اور شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 5فیصد رہائشی بلاکس کا آڈٹ کئے بغیر مردم شماری کے اعداد و شمار کو حتمی قرار دیاجارہا ہے اور پیپلزپارٹی اس پر خوش ہے لیکن ایم کیوایم خاموش نہیں رہے گی اس پر صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی اور یہ عمل قبل از وقت انتخابات دھاندلی کے مترادف ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کو مشتہر کیاجائے تاکہ پتا چلے کہ گلیوں اور محلوں میں کتنے لوگوں کو کہاں کہاں گنا گیا ہے اور کہاں نہیں گنا گیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، رابطہ کمیٹی کے ارکان امین الحق اور گلفراز خان خٹک کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے لئے بتا دوں کہ میں نے اپنی تقریر کے دوران یہ بات کہی ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی شہر کو میٹرو پولیٹن کا درجہ نہیں دینا چاہتی ، 140-Aکے تحت بلدیاتی اختیار نہیں دیتی ، 90فیصد بجٹ ہم سے لے جاتے ہیں اور 10فیصد بھی یہاں خرچ نہیں کرتے تو ایسی صورتحال میں صوبے کی آوازیں اٹھیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ سندھ اسمبلی میں وہ ماحول پیدا کریں جو پیپلزپارٹی نے کیا ہے یعنی مائک توڑے گئے جبکہ قائد حزب اختلاف نے شہری سندھ صوبہ کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑا اور کل موقع ملا تو پھر بھر پور مقدمہ لڑیں گے ، یہ سوالات پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے رکھے جارہے ہیں کہ کیا آپ کراچی سے دادو جاتے ہیں تو آنکھیں بند کرکے جاتے ہیں ، آپ پورے صوبہ سندھ میں ایک ماڈل یونین کونسل نہیں بنا سکے ، اس رویہ ، بے حسی ، تعصب ، بدعنوانی اور اہلی پر پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ کو لعنت بھیجنا چاہئے جس ذوالفقار علی بھٹو کی قبر کی خیرات میں پیپلزپارٹی حکومت کرتی آرہی ہے اس کے آس پاس کے علاقے نہ بنانے کے رویئے پر لعنت بھیجنی چاہئے ۔ عدالتیں پیپلزپارٹی کی حکومت کے بارے میں کہہ رہی ہیں کہ ڈائن بھی اپنا گھر چھوڑ دیتی ہے تم تو پورا گھر کھا گئے ۔ پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ کے رویئے سے منسلک یہ واحد صوبائی حکومت جو اپنے ہی صوبے کی آبادی کم گنے جانے پر خاموش ہی نہیں بلکہ دلی دلی میں خوش ہے ، کراچی کی آبادی نصف سے زائد کم گنی گئی ، ڈیڑھ کروڑ کی آبادی کو نہیں گنا گیا ، انہیں علم ہے کہ کراچی ، حیدرآباد، سکھر ، نوابشاہ سمیت جو شہری سندھ وہ آبادی میں دیہی سندھ سے زیادہ بڑا ہے ۔
تازہ ترین