• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد شاہ کے رویے نے جنوبی سندھ صوبے کے قیام کی ضرورت کو شدید کردیا ،آفاق احمد

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)مہاجرقومی موومنٹ( پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے مبینہ طور پرمراد علی شاہ کے غیرذمہ دارانہ ردِ عمل کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں علیحدہ صوبے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے جس طرح آمرانہ اور دھمکی آمیز ردِعمل کا اظہار کیا ہے ،وہ جمہوری روایات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت کے گھمنڈ میں وڈیرانہ سوچ کی وجہ سے ہی سندھ شہری علاقوں میں یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ سندھ کے شہری عوام بالخصوص مہاجر عوام اپنے جائز حقوق دلائل کی بنیاد پر کسی کو قائل کرکے اس صوبائی اسمبلی سے کیسے حاصل کرسکتے ہیں جہاں کثرت رائے پروڈیرانہ فیصلے مسلط کئے جاتے ہوں۔ آفاق احمد نے کہا کہ مراد علی شاہ کے رویے نے جنوبی سندھ صوبے کے قیام کی ضرورت کو شدید کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سند ھ کی تقسیم پر آگ بگولا ہونے والوں کو اگر سندھ کو متحد رکھنا تھا تو سندھ میں بسنے والے ہر شخص کو متحد کرتے ، سندھ میں شہری اور دیہی کی تقسیم کے خاتمے کیلئے اقدامات کرتے،کوٹہ سسٹم کے ذریعے قابلیت کے قتل عام کو روکتے،لیکن یہ سب کرنے کے بجائے شہری اور دیہی کی تقسیم کو مزید گہراکیا گیا، کوٹہ سسٹم کے خاتمے کی بجائے ہر بار اسکی مدت ختم ہونے پر اکثریت کے بل بوتے پر اسے پھر مسلط کردیا گیا۔
تازہ ترین