• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی مذہبی امور ،2018کی حج پالیسی ،انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 2018کی حج پالیسی اورانتظامات کے حوالے سے وزارت کے اقدامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا کہ حجاج کو مناسک حج، مسائل کے بارے میں تربیت دی جائیگی، چیئرمین عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کم پیکج میں زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ، سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری اور ایڈیشنل سیکرٹری نے کمیٹی کو حج پالیسی بارے تفصیلی آگا ہ کیاوفاقی وزیر نے کہا عازمین حج سے دس دن کے اندر درخواستیں طلب کی تھیں ، 2018 میں 3لاکھ 74ہزار 857درخواستیں موصول ہوئی ہیں،شمالی علاقوں سے 2لاکھ 80ہزار فی حاجی اور جنوبی علاقوں سے 2لاکھ 70ہزار وصول کئے جائینگے،سعودی حکومت کی طرف سے ٹیکسز کی وجہ سے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے تاہم حکومت حجاج سے اضافی رقم وصول نہیں کریگی اور 45ہزار فی حاجی کا خرچہ خود برداشت کریگی، 80سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے 10ہزار سیٹیں مختص کی گئی ہیں، 12235ان افراد کو قرعہ اندازی سے اسثنیٰ دی گئی ہے جو گزشتہ 3سال سے درخواست دے رہے تھے، کوشش کی جارہی ہے حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کم پیکج میں فراہم کی جائیں جس میں کھانا شامل ہوگا ، 60فیصد لوگ سرکاری ، 40فیصد پرائیوٹ ٹوئرز آپریٹرز کی طرف سے حج کے فرائض ادا کرسکیں گے، سیکرٹری نے بتایا پاکستان میڈیکل مشن میں 450افراد جن میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہوگا، حجاج کو تین مراحل میں مناسک حج اورسعودی عرب میں پیش آنیوالے مسائل کے بارے میں تربیت فراہم کی جائیگی،کمیٹی کو بتایا گیا کہ سرکاری سکیم کے تحت صرف ان لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو پہلی مرتبہ حج کے فرائض ادا کرینگے، مدینہ میں مرکزیہ میں 100فیصد رہائش حاصل کی جائیگی ،تمام عمارتوں میں آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا فوڈ مینوئل بہتر کیا گیا ہے،منیٰ اور عرفات میں تین تین دفعہ کھانا فراہم کیا جائیگا معذور افراد کیلئے علیحدہ باتھ روم کا انتظام بھی ہوگا،پرائیوٹ ٹورز آپریٹرز میں شامل کمپنیوں کی موثر مانیٹرنگ کی گئی ہے، دس مختلف مقامات سے حجاج کو روانہ کیا جائیگا چیئرمین نے کہا کوشش کی جائے عازمین حج کو کم سے کم پیکج میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ، وزارت کیساتھ ملکر قائمہ کمیٹی ان معاملات پر زیادہ توجہ کریگی، مسالک کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے قائمہ کمیٹی بنیادی کردار ادا کریگی۔
تازہ ترین