• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بیگم نصرت بھٹو عزم واستقلال کا پیکر اور غیر جمہوری قوتوں کیخلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ انہوں نے جنرل ضیاء کے بدترین مظالم کا جس جرأت و بہادری سے مقابلہ کیا وہ ایک شاندار مثال ہے۔ مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن سر نہیں جھکایا۔ بیگم صاحبہ نے اپنے کارکنوں کو جنرل ضیاء کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف پیغام دیا تھا کہ ہمارے سرکٹ تو سکتے ہیں لیکن جھک نہیں سکتے۔ ہم پاکستان کے لئے نسل درنسل لڑیں گے۔ اس اعلان نے کارکنوں میں بہت حوصلہ و جوش پیدا کر دیا اور جنرل ضیاء کے ظلم و تشدد کا آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا۔ بیگم نصرت بھٹو ایک دردمند اور عظیم خاتون تھیں۔ وہ نہایت شفیق‘ غمگسار، بلند ہمت اور جرأت مند تھیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سربراہ کے طور پر کارکنوں کا بہت خیال رکھتی تھیں،ان کے ذاتی مسائل میں دلچسپی لیتی تھیں اور حتی المقدور مدد کرتیں۔ کارکنوں کو پارٹی کا اثاثہ سمجھتی تھیں اور پیپلزپارٹی کے کارکن بھی بیگم صاحبہ کا بے حد احترام کرتے تھے۔ محترمہ صنم بھٹو نے گزشتہ سال اپنی والدہ کے انتقال پر کہا تھا کہ بیگم صاحبہ نے اپنی فیملی کو جوائن کر لیا ہے۔ صنم بی بی کے اس ایک جملے میں بیگم نصرت بھٹو کی زندگی کے اذیت ناک لمحات کی کہانی مضمر ہے۔ بیگم نصرت بھٹو کا یوم ولادت 23مارچ ہے اور 23/اکتوبر کو ہی وہ یہ دنیا چھوڑ کر اپنے شوہر ذوالفقار علی بھٹو دونوں بیٹوں شاہ نواز بھٹو‘ میرمرتضیٰ بھٹو اور پیاری بیٹی بے نظیر بھٹو کے پاس چلی گئیں۔
بیگم نصرت بھٹو کی زندگی دکھوں اور غموں کی کہانی ہے۔ زندگی کی آخری دہائی مشکل ترین اور اذیت ناک تھی، یادداشت ساتھ چھوڑ گئی تھی، نہ کسی کو پہچانتی تھیں اور نہ ہی بات کرسکتی تھیں‘ انہیں یہ تک پتہ نہیں تھا کہ بیٹی بے نظیر اور اس کے بچے نواسا اور نواسیاں ان کے پاس بیٹھے ہیں، ان پر کیا گزررہی ہے۔ وہ اس کا اظہار ہی نہیں کرسکتی تھیں۔ ایک عظیم اور باوقار ملک کی سابق خاتون اول کو دیکھ کر ان کی پیاری اولاد کی جوکیفیت تھی‘ اس سے وہ بے خبر تھیں۔ دبئی میں بیٹی بے نظیر کا گھر ان کا مسکن تھا۔ وہ خادماؤں کے سہارے زندگی کے دن بسر کررہی تھیں۔ بی بی ایک فرض شناس بیٹی کی طرح ان کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔ بی بی ڈنر ٹیبل پر بیگم صاحبہ کو اپنے اور بلاول کے ساتھ بٹھاتی تھیں۔ بختاور اور آصفہ میز کے دوسری طرف سامنے بیٹھتی تھیں۔ بیگم صاحبہ کو کھانا خادمہ کھلاتی تھی۔ بی بی کا معمول تھا کہ کھانے کے بعد بیگم صاحبہ کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر کافی دیر تک ان سے باتیں کیا کرتی تھیں۔ اس کا جواب بیگم صاحبہ کی خاموشی ہوتی۔ بیگم صاحبہ کی کتاب ِزندگی کا یہ دردناک ترین باب تھا۔ بی بی کا اپنی والدہ سے ہم کلامی کا یہ رشتہ تکلیف دہ ہونے کے باوجود قدرے اطمینان کا باعث تھا۔ بی بی نے جس طرح ان کی خدمت کی، بلاشبہ انہوں نے ماں کے قدموں تلے جنت میں جگہ بنالی۔
قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی قید کے دوران بیگم نصرت بھٹو کو پارٹی کا قائم مقام چیئرمین بنا دیا گیا وہ بطور چیئرپرسن مارشل لاء کے خلاف سینہ سپر ہوگئیں اور بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ عوام کے جمہوری حقوق کی آواز بلند کی۔ انہیں اس جمہوری و عوامی جدوجہد سے روکنے کیلئے جیل اور گھر میں قید کر دیا گیا مگر اس بہادر خاتون نے مضبوط اعصاب کے ساتھ تمام مشکلات و مصائب برداشت کئے۔کارکنوں نے بھی اپنی قائد کی پیروی کرتے ہوئے اس جمہوری جدوجہد میں بہادری کے نئے باب رقم کئے اور اپنے کردار و عمل سے پاکستان پیپلزپارٹی کا پرچم سر بلند رکھا۔ انہیں یہ طاقت بیگم صاحبہ کی ولولہ انگیز بے خوف قیادت سے ملی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بیگم صاحبہ پر تشدد کیا گیا اور زخمی بیگم بھٹو کی یہ تصویر بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہوئی جس سے جنرل ضیاء کی بربریت آشکار ہوئی اور جنرل ضیاء کی آمریت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ بیگم نصرت بھٹو پر دوسرے درجہ کا ذہنی تشدد کیا گیا‘ ان کی جواں سال بیٹی بے نظیر بھٹو کو قید اور نظربند کرکے علیحدہ رکھاگیا۔ بے نظیر بھٹو کو سکھر جیل میں شدید گرمی میں رکھا گیا۔ انہوں نے یہ سب کچھ برداشت کیا اور عزم اور ولولہ کے ساتھ جنرل ضیاء کے جبر کو چیلنج کر کے ان کی نیندیں حرام کر دیں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کی کوٹھڑی سے میرمرتضیٰ بھٹو کے نام خط میں بیگم صاحبہ اور بے نظیر بھٹو کو ان الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔”ان بدترین حالات میں جن سے ہم پہلے کبھی نہیں گزرے۔ آپ کی والدہ اور ہمشیرہ میرے لئے قوت کا ایک شاندار ستون ہیں۔ میں سمجھتا ہوں ان کی شاندار مجاہدانہ مدد کے بغیر حالات میرے لئے مشکل ہی نہیں ناممکن بن جاتے۔ عدالتوں اورانتظامیہ میں میرے لئے کوئی انصاف نہیں صرف اللہ تعالیٰ اور عوام کے ہاتھ میں میری زندگی ہے“۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے سیاسی اور جمہوری جدوجہد تیز کر دی۔ عوام ان کے ساتھ تھے۔ انجام کارجنرل ضیاء نے اپنی بزدلی کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے16/اکتوبر1979ء کو انتخابات منسوخ کردیئے۔ بیگم نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو کوگرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا۔ فوجی ڈکٹیٹر کی اس بزدلانہ کارروائی سے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن انہوں نے حوصلہ مندی سے جبر اور ظلم برداشت کیا‘ کوڑے کھائے اور جئے بھٹو کے نعروں سے سیاسی فضا گونجنے لگی۔
ضیاء آمریت کا یہ ہولناک سیاہ دور تھا بیگم صاحبہ نے اپنے دونوں جلاوطن بیٹوں میر مرتضیٰ بھٹو اور شاہ نواز بھٹو کی جدائی کا غم بھی برداشت کیا۔ بیگم صاحبہ طویل قید کے دوران پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا ہوئیں۔ وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں۔ آخرکار بین الاقوامی دباؤ کی وجہ سے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ بیگم صاحبہ 22نومبر1982ء کو جرمنی کے شہر میونخ پہنچیں۔ ان کی صحت بے حد تشویشناک تھی، وہ ہڈیوں کا ڈھانچہ دکھائی دیتی تھیں۔ بیگم نصرت بھٹو نے اپنی شدید علالت کے باوجود یورپی ملکوں سے آئے ہوئے پارٹی ورکروں کے ایک اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کہا ”پاکستان کے موجودہ حکمرانوں نے ملک میں روایتی ظالمانہ ہتھکنڈوں سے عوام کی جو تذلیل کی ہے پاکستان کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ افواج پاکستان میں خیبر سے کیماڑی تک ہر جگہ کوڑوں کی بھرمار ہے‘ ملک کی جیلیں سیاسی کارکنوں سے بھری پڑی ہیں اور ایک ظالم جنرل من مانی کر رہا ہے۔ اس غیر آئینی فوجی حکومت کے خاتمے ہی میں ملک کی بقا ہے۔ اس لئے پاکستان کی عوام کو چاہئے کہ وہ اندرون ملک اور بیرون ملک مارشل لاء کے خاتمے‘انسانی حقوق اور آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے آگے بڑھیں اور مارشل لاء کی پابندیوں کی پروا کئے بغیر سراپا احتجاج بن جائیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور دیگر جمہوریت پسند پاکستانیوں کا یہ فرض ہے کہ ملک میں مارشل لاء کے بظاہر مضبوط لیکن اندر سے کھوکھلے ستونوں کو آخری ٹھوکر لگا کر زمین بوس کردیں“۔ بیگم نصرت بھٹو نے5 جنوری1979ء کو مساوات ویکلی لندن کو اپنے خصوصی انٹرویو میں بھٹو صاحب کے خلاف جھوٹے مقدمہ قتل کے بارے میں کہا تھا ”لاہور ہائیکورٹ کی کارروائی سے برطانیہ کی اس بدنام ترین عدالت اسٹارچیمبر کی یاد تازہ ہو جاتی ہے جہاں انصاف کے تقاضوں کو یکسر پس پشت ڈال کر بے گناہوں کو ٹاورآف لندن کے جلاد کے سپرد کر دیا جاتا۔ اس عدالت میں قانون کا جاہ و جلال نہیں ایک قصاب کی دکان کا منظر نظر آتا تھا۔ جناب بھٹو کیخلاف یہ قتل کا مقدمہ نہیں بلکہ مقدمے کا قتل ہے۔ہم انصاف چاہتے ہیں اور عوام انصاف کے خواہاں ہیں ہم ایسے بے گناہ کی بریت چاہتے ہیں جو اتفاق سے پاکستان کے عوام کا منتخب نمائندہ ہے۔ وفاق اپنے رہنما کیلئے انصاف کا طالب ہے، وفاق بریت چاہتا ہے۔ عوام اس سے کمتر کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔ مکاری اور دغابازی سے ہونے والے فیصلے کو آزاد عوام کی منتخب پارلیمنٹ میں تحقیقات کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اگر مارشل لاء نے انصاف کی آبروریزی کی تو پارلیمنٹ اس سازش کی تحقیقات بھی کرے گی جو عوام کے منتخب نمائندے کو عدالتی کارروائی کی آڑ میں قتل کیلئے کی گئی ہے“۔
بیگم نصرت بھٹو کا یہ تاریخی بیان کہ سابق وزیراعظم پاکستان کے عدالتی قتل کی سازش کو عوام کی منتخب پارلیمنٹ میں تحقیقات کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ہنوز تشنہ لب اور شرمندہ تعبیر ہونے کا منتظر ہے۔
تازہ ترین