• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کو کٹہرے میں لانے کے ذمہ دار خود نوازشریف ہیں، پیپلزپارٹی

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ بیٹی کو کٹہرے میں لانے کے ذمہ دار خود نوازشریف ہیں، انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھی کسی کی بیٹی ہے، نصرت بھٹو پر مقدمے بناتے وقت مشرقی روایات کہاں تھیں، میاں صاحب آپ نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بچوں کو پھنسایا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں ہے۔جو کچھ ہو رہا ہے وہ نواز شریف کا اپنا کیا دھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز آج اگر کٹہرے میں ہیں تو اس کا ذمہ دار خود نواز شریف ہے۔میاں صاحب آپ انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی ہیں۔آپ کو مادر جمہوریت نصرت بھٹو پر مقدمے بناتے ہوئے مشرقی روایات کا خیال کیوں نہ آیا۔محترمہ شہید کو ایک دن میں لاہور، کراچی اور پنڈی کی عدالتوں کے چکر آپ نے کٹوائے۔آصف زرداری صاحب کو جیلوں میں تشدد کیا، زبان اور گردن کاٹی۔بینظیر شہید بچے گود میں لئے جیل کے باہر کڑی دھوپ میں کھڑی ہوتی تھیں تو آپ اس پر خوش ہوتے تھے۔آج آپ کی اپنی حکومت ہے مریم بی بی پر مقدمے کسی سیاسی مخالف نے نہیں بنائے۔میاں صاحب آپ نے خود اپنے بچوں کو اپنی کرپشں چھپانے کیلئے پھسایا ہے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے مرکزی دفتر میں پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں اور کارکنوں سے گفتگو میں کہا کہ بدعنوان نواز زشریف ذاتی مفاد میں بچوں کی اولاد کے لیے بھی بدنامی کا باعث ہیں۔ نیر بخاری نے کہا کہ نواز شریف اور صاحبزادی عدالتوں میں بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام ہیں صفائی میں کچھ نہ ہونے پر نواز شریف سیاسی جواب اور وکلا پھلجھڑیاں چھوڑتے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین