• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اقامے سے متعلق سہیل انور سیال کو نوٹس جاری

سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے اقامے سے متعلق وفاقی حکومت، چیف الیکشن کمشنر، سہیل انور سیال و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔

دو رکنی بینچ کے روبرو صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے اقامہ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار اللہ بخش امڑ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سہیل انور سیال نے اقامہ حاصل کیا لیکن سیاسی گوشواروں کی تفصیلات میں اس کا ذکر نہیں کیا۔

سہیل انور سیال 2014 میں حلقہ 35 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔ان کے پاس 2014 سے متحدہ عرب امارات کا اقامہ ہے ۔ لہذا استدعا ہے کہ سہيل انور سيال صادق اور امين نہیں رہے، انہیں نااہل قرار ديا جائے۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل شبیر شاہ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پٹیشن تین روزمیں غیر موثر ہو جائے گی۔ 28 مئی کی رات حکومت سندھ کی مدت ختم ہو جائے گی۔ یہ درخواست بھی غیر موثر ہو جائے گی کیونکہ 28 مئی کے بعد سہیل انور سیال کے پاس پبلک آفس نہیں ہوگا۔

عدالت نے وفاقی حکومت، چیف الیکشن کمشنر، سہیل انور سیال و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون تک جواب طلب کرلیا۔

تازہ ترین