• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 عامر لیاقت حسین پر پھر پابندی عائد

پاکستان میں الیکٹرونک میڈیا کے نگراں ادارے 'پیمرا نے ٹی وی چینل 'ہوسٹ عامر لیاقت حسین پر تیس دن کی پابندی عائد کردی ہے ۔ اس دوران وہ کسی بھی ٹی وی چینل پر آن ایئر نہیں آسکیں گے۔

پیمرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو عامر لیاقت حسین نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران متنازع ریمارکس دئیے تھے۔

پروگرام میں بھارتی ریاست گجرات سے ایک ویڈیو کال لی گئی جس میں خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی خلافت سے متعلق سوال کیا گیا تھا ۔یہ مواد بغیر کسی تاخیر کے براہ راست نشر کیا گیاجبکہ میزبان نے دانستہ طور پر ایسے جملے ادا کیے جس سے لوگوں کی دل آزاری ہوئی۔

پیمرا کا مزید کہنا تھا کہ میزبان عامر لیاقت نے ’ریٹنگ‘ کے حصول کے لیے ’غیرضروری ڈرامے کے ساتھ مذہب کا استعمال کیا جس سے مختلف فرقوں اور عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔‘

عامر لیاقت حسین پر اس سے قبل بھی متعدد بار مختلف متنازع بیانات کے باعث پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

پروگرام میں عامر لیاقت حسین کے ایک مہمان عالم دین قاری خلیل الرحمٰن کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا اور اس کے بعد میزبان آن ایئر ہی یہ شو چھوڑ کر چلے گئے جبکہ وہاں موجود دیگر مکتبہ فکر کے علما کے درمیان بھی سخت فقرے بازی ہوئی۔

پیمرا نے اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نجی چینل کو پروگرامز نشر کرنے اور اس کے نشر مکرر پر بھی پابندی عائد کر دی۔

تازہ ترین