• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے

صدر مملکت ممنون حسین نے ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی 2018 بروز بدھ کو منعقد کرانے کی منظوری دےد ی ہے۔

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں گےجبکہ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو25،26 اور27جولائی کی تاریخوں میں سے کوئی ایک تاریخ مقرر کرنے کی سمری بھیجی تھی ۔

ایوان صدر کے حکام کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے21 مئی کو صدر مملکت کو ایک سمری بھجوائی تھی جس میں درخواست کی گئی تھی کہ وہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 57 کی ذیلی دفعہ ایک کے تحت عام انتخابات کے لیے 25 تا 27 جولائی 2018 کے درمیان کوئی بھی تاریخ مقرر کریں۔

ذرائع نےمزید بتایا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بھیجی گئی سمری وزیر اعظم کی وساطت سے صدر مملکت کو موصول ہوئی جس پر انہوں نے ملک بھر میں عام انتخابات کے تجویز کردہ 3 تاریخوں میں سے 25 جولائی کی تاریخ کی منظوری دی۔

صدر مملکت کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد الیکشن کمیشن وفاق اورچاروں صوبوں میں عام انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔

دوسری جانب آئین کے تحت موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جبکہ از خود اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں 60 دن کے اندر عام انتخابات منعقد کرانا لازمی ہےجبکہ صدر مملکت نے آئین کے تحت مقررہ مدت کے اندر انتخابات کرانے کی تاریخ کی منظوری دی ہے۔

تازہ ترین