• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور بلاول سمیت پیپلز پارٹی کی پوری قیادت انتخاب لڑے گی

زرداری اور بلاول سمیت پیپلز پارٹی کی پوری قیادت انتخاب لڑے گی

کراچی (افضل ندیم ڈوگر)زرداری اور بلاول سمیت پیپلز پارٹی کی پوری قیادت انتخاب لڑے گی،فریال تالپورسندھ اسمبلی کا انتخاب لڑ کروزارت اعلیٰ کی امیدوار ہونگی ،بلاول لاڑکانہ اور زرداری نوابشاہ و کراچی سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہونگے۔ آئندہ متوقع انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت تمام سینئر رہنماؤں کو سندھ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پارٹی کی خواتین ونگ کی سربراہ اور صوبے کی بااثر خاتون فریال تالپور اس مرتبہ قومی اسمبلی کی بجائے سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوکر ممکنہ طور پر وزیراعلیٰ سندھ کی امیدوار ہونگی۔ ذرائع کے مطابق متوقع انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی کی مضبوط سیاسی منصوبہ بندی سامنے آئی ہے اور سندھ کا انتخابی معرکہ سر کرنے کیلئے مضبوط ترین امیدواروں کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر لایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کے متوقع الیکشن میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کرنے اور مرکز میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت بنانے کے دوٹوک دعوے کے بعد پی پی پی کی انتخابی حکمت عملی بھی ایسے ہی مضبوط اشارے دے رہی ہے۔ انتخابی حکمت عملی میں ممکنہ طور پر قومی اسمبلی کیلئے ایسے امیدوار رکھے جارہے ہیں کہ "دعوے" کے مطابق اگر انتخابات میں مرکز میں پاکستان پیپلزپارٹی کو کامیابی ملتی ہے تو آصف زرداری یا بلاول بھٹو زرداری بطور وزیراعظم فوری طور پر ایوان میں دستیاب ہونگے۔ دوسری صورت میں اگر دعوے کے مطابق ملک میں مخلوط حکومت بنتی ہے تو پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر ترین قیادت وزارتیں سنبھالنے کیلئے قومی اسمبلی میں موجود ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی بھیجنے کیلئے پیپلزپارٹی نے متوقع طور پر مضبوط امیدوار تیار کرلئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں امیدواروں سے فارم تیار کراکر ابتدائی فہرست بھی بنالی گئی ہے جس میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے گڑھ اور اپنی والدہ کے آبائی شہر لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں گے جبکہ ان کے والد اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری بیک وقت اپنے آبائی شہر بے نظیرآباد المعروف نواب شاہ اور کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار ہونگے۔ سندھ سے قومی اسمبلی کی سابق رکن فریال تالپور آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی کے بجائے سندھ کی صوبائی اسمبلی کیلئے انتخاب لڑیں گی۔ فریال تالپور کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ صوبے کی آئندہ وزیر اعلیٰ ہونگی۔ آصف علی زرداری کی دوسری ہمشیرہ عذرا پیچوہو، ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری اور سینئر پارٹی رہنما غلام مصطفیٰ شاہ بھی نواب شاہ سے ہی قومی اسمبلی کیلئے امیدوار ہونگے۔ آصف علی زرداری کی دوسری صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری ٹنڈو الہیار سے قومی اسمبلی کی امیدوار ہونگی، عبدالقادر پٹیل، شیر محمد بلوچ، سردار نبیل گبول، مرزا اختیار بیگ، آفاق شاہد، راشد ربانی اور حکیم بلوچ کراچی سے ایم این اے بننے کیلئے سیاسی زور آزمائی کریں گے۔ سابق صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ بھی اب قومی اسمبلی کیلئے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی سینئر رہنماء اسلام الدین شیخ بھی قومی اسمبلی کیلئے اپنے آبائی حلقے سکھر سے امیدوار ہونگے۔

تازہ ترین