• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یہ رنگ و نواز اور یہ نکہت بھی....

تحریر : عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل : نازیہ علی

ملبوسات: بوتیک ڈاٹ

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: عالیہ نثار

لے آئوٹ: نوید رشید

ایک جگہ پڑھا تھا، ’’خوشی یہ نہیں کہ مانگی ہوئی چیز مل جائے، بلکہ حقیقی خوشی خود کو اللہ کے تابع کردینے سے ملتی ہے۔‘‘ اور بلاشبہ ماہِ صیام اطاعتِ الٰہی کا ایک کُھلا مظہر ہے کہ نعمتوں کی موجودگی اور ہر شے کے استعمال کی قدرت کے باوجود روزے دار محض اللہ کی خوشنودی کی خاطر ایک مقررّہ وقت تک کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں اور اُن کا زیادہ تر وقت عبادت و ریاضت، ذکر و اذکار، توبہ استغفار اور تلاوتِ قرآن پاک کرتے گزرتا ہے۔ یوں پورے مہینے ہی برکت و سعادت، ایثار و سخاوت اور اخوت و یگانگت کے ایمان افروز مناظر دکھائی دیتے ہیں۔بلاشبہ رب العالمین نے ماہِ صیام کو ایسا چمن زار بنایا ہے کہ جس میں کی جانے والی عبادات، خدمتِ خلق کی بدولت نہ صرف ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے، بلکہ رُوح تک تازہ دَم ہوجاتی ہے۔ بلاشبہ حقیقی خوشی اللہ کی اطاعت و فرماں برداری ہی میں پوشیدہ ہے۔


اس پُرنور مہینے میں جہاں مساجد میں افطار بھیجنا، اخوّت و بھائی چارے کا درس دیتی، اسلامی روایات کا ایک خُوب صُورت حصّہ ہے، وہیں افطار دعوتوں کا بھی سلسلہ جاری و ساری رہتا ہے۔ تو لیجیے، اس بار ہم نے اپنی بزم ایسی ہی افطار دعوتوں کے لیے کچھ سادہ، مگر دِل کش و دیدہ زیب ملبوسات سے مرصّع کی ہے۔ ذرا دیکھیے تو، گہرے سبز رنگ میں چُنری پرنٹ قمیص، سفید رنگ ایمبرائڈرڈ ٹرائوزر کے ساتھ کس قدر کِھل رہی ہے، قمیص کے دامن اور گلے پر شیشہ ورک کی بیل خوش گوار تاثر دے رہی ہے، تو پرنٹڈ دوپٹا بھی خُوب میل کھا رہا ہے۔ پھر ایک جانب سُرخ رنگ کے خوش نما پیراہن کے ساتھ سلیقے و طریقے سے اوڑھا پرنٹڈ دوپٹا پیارا لگ رہا ہے، تو دوسری جانب عنّابی رنگ ٹائٹس کے ساتھ کنٹراسٹ میں پرنٹڈ شرٹ بھی خُوب جچ رہی ہے۔ سفید رنگ کٹ ورک لیس سے مزّین غرارے کے ساتھ کنٹراسٹ میں اورنج رنگ پرنٹڈ شرٹ کا انتخاب عمدہ ہے، تو سیاہ رنگ کا دِل آویز پیراہن بھی کچھ کم حسین نہیں۔ پلین غرارے کے ساتھ پلین ہی قمیص ہے، مگر دوپٹا پرنٹڈ ہے اور اُس نے پہناوے کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین