• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری ہے۔ جس کی بظاہر وجہ سعودی عرب اور روس کی جانب سے خام تیل کی پیداوار بڑھانا ہے۔عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ فی بیرل 75.09ڈالر کا ہو گیا ہے۔سنگا پور مرکنٹائل میں نیو یارک مین کنٹریکٹ کے تحت جولائی کیلئے برینٹ نارتھ کروڈ کی سپلائی بھی 75.09ڈالر فی بیرل اور لائٹ سویٹ امریکی خام تیل 2.5فیصد کمی کیساتھ 66.22ڈالر فی بیرل کا ہو گیا ہے۔چین میں شنگھائی کروڈ کی جون کیلئے سپلائی 4.8فیصد کیساتھ 71.64ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔گزشتہ ہفتے میں برینٹ نارتھ سی کے نرخوں میں 6.4اور ڈبلیو ٹی آئی امریکی کروڈ کے نرخ میں 9.1فیصد کمی آ چکی ہے۔عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر وطن عزیز میں بھی ان مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جانی چاہئے مگر یہاںعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چند پیسوں کے اضافے کیساتھ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹر حضرات کی طرف سے کرایوں اور تاجران کی طرف سے دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں من مرضی کا اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔رواں مہینے کے پہلے ہفتے میں ہی پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو ا تھا، مگر دوسری جانب عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہمارے ملک میں پٹرولیم کی قیمتیں برقرار ہیں۔ ہمارے ہاں دیگر اقوام عالم کے بر عکس رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے اُن میں ہوشروبا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی گرانی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں کے پیش نظر پاکستان میں بھی اِن مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ گرانی سے مجبور عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین