• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورپین مصنوعات پر ڈیوٹی، معاملہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن لیجا نے کا اعلان

پورپین مصنوعات پر ڈیوٹی، معاملہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن لیجا نے کا اعلان


یورپین یونین نے امریکہ کی طرف سے اس کی اسٹیل اور ایلو منیم مصنوعات پر آج سے باقاعدہ طور پر ڈیوٹی کے نفاذ کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں لیجا نے کا اعلان کیا ہے ۔

اس حوالے سے یورپین کمیشن کے سربراہ جاں کلاڈ جنکر نے ایک بیان میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یورپی اسٹیل مصنوعات پر 25 فیصد اور ایلو مینیم مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ڈیوٹی کےفیصلے سے باز نہ رہنے پر بہت افسوس ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اضافی ڈیوٹی نہ صرف غیر منصفانہ بلکہ ڈبلیو ٹی او کے قوانین کے بھی خلاف ہے ۔ سادہ انداز میں یہ امریکی مصنوعات کو تحفظ دینے کے لئے کیا گیا فیصلہ ہے ۔

کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران ہم نے مذاکرات کے ذریعے امریکہ کو سمجھانے کی بہت کوشش کی کہ یہ مسئلہ یورپ کی وجہ سے نہیں بلکہ ان مصنوعات کی طلب سے زیادہ پیدا وا ر کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر سطح پر امریکہ کو یہ عندیہ دیا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے اپنے تمام باہمی تجارتی مسائل کے حل کے لئے تیار ہیں لیکن یورپ کسی بھی طرح کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ قبول نہیں کرے گا۔

مسٹر جنکر نے مزید کہا کہ یورپین یونین نہ صرف اس فیصلے کو ڈبلیو ٹی او میں چیلنج کرے گا بلکہ امریکہ سے یورپ آنے والی مصنوعات پر بھی اضافی ڈیوٹی وصول کی جائے گی ۔

دوسری جانب یورپین ٹریڈ کمشنر سسلیا مالسٹروم نے بھی اس فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے تک شراکت دار، دوست اور ساتھی رہنے والوں کے درمیان اس طرح کا تنازعہ پیدا ہونا انتہائی افسوسناک ہے ۔

تازہ ترین