• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے ضلع خضدار اور آواران کے مختلف علاقوں سے سو سے زائد فراری ایف سی کیمپ میں کمشنر قلات ڈویژن اور ایف سی سیکٹر کمانڈر سائوتھ کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔ عسکریت پسند ی کو ترک کر کے قومی دھارے میں شامل ہونے والے فراری، ہتھیار ڈالتے ہوئے قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ہتھیار ڈالنے والوںسے کمشنر قلات اور سیکٹر کمانڈر سائوتھ نے خطاب کرتے ہوئے اُنہیں قومی دھارے میں خوش آمدید کہا اور اُنکی ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی بھی کی۔اس موقع پر فراریوں نے کہا کہ ہم غلط راستے پر تھے جس کا ہمیں نقصان اٹھانا پڑا ، مگر اب ہم ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس سے قبل بھی سینکڑوں فراری عسکریت پسندی کو ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہو چکے ہیں۔چند ماہ قبل میر ہزار خان مری کے بیٹے جمعہ خان مری نے علیحدگی پسند عناصر سے ناتا توڑتے ہوئے وفاق پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ نواب خیر بخش مری کے بیٹے نوابزادہ گزین مری بھی اپنی اٹھارہ سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے پاکستان لوٹ چکے ہیں۔ عسکریت پسند گروہوں کو مکمل طور پر غیر مسلح کر کے قومی دھارے میں لانا باجوہ ڈاکٹرائن کا حصہ تھا۔پاکستان کی مسلح افواج کی کاوشوں سے ملک میں امن کے قیام اور اس کے استحکام کے پیش نظر ناراض نوجوانوں اور ملک دشمن عناصر کے ہتھکنڈوں کے زیر اثر افراد کا ہتھیار ڈالنا اور ریاستِ پاکستان کی وفا داری پر قائل ہونا خوش آئند اور ملکی مفاد میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی دھارے میں شامل ہونے والے عسکریت پسندوں کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کو زیادہ نتیجہ خیز بنایا جائے اور قومی دھارے میں آنے کے بعد ان کے تمام آئینی و قانونی حقوق کا پوری طرح تحفظ کیا جائے تاکہ یہ افراد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کرداد ادا کر سکیں۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین