• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں مجھ جیسے کم سمجھ بلکہ ناسمجھ، کم علم بلکہ لا علم لوگوں کی کمی نہیں ہے۔ ہم قطعی طور پر اکثریت میں ہیں۔ اقلیت والے نوافل پڑھیں اور رب تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ ہم کم علم اور کم سمجھ اکثریت کی کوئی پارٹی نہیں ہے۔ ورنہ آپ اقلیت کی بجائے ہم ناسمجھ اور لا علم اسمبلیوں پر قابض ہوتے۔ ہر ادارے پر چھائے ہوئے ہوتے ۔ ہم حکم چلا رہے ہوتے۔ پچاسیوں ٹیلیوژن چینلز پر ہم اینکر پرسن ہوتے۔ آپ کے علم اور معلومات میں اضافہ کر رہے ہوتے۔ ہمارے ہاں پاکستان میں بھی سب کچھ ٹھیک ہے۔ تھوڑی بہت گڑ بڑ نواز شریف اور عمران خان کی آپس کی چپقلش کی وجہ سےہے۔ وہ بھی اللہ نے چاہا تو عنقریب دور ہو جائے گی۔
مگر ہم لا علم اور بے سمجھ لوگوں کی کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے۔ اگر ، ہم لا علم لوگوں کی کوئی سیاسی پارٹی ہوتی تو پھر ہم ناسمجھ بلکہ کم سمجھ لوگ آپ کو بتاتے اور ملک چلا کر دکھاتے۔ ستر برس سے آپ سیانے، عالم، بالغ، پڑھے لکھے، عاقل پاکستان پر بڑے بھونڈے اور ناقص طریقے سے حکومت کر رہے ہیں۔ کراچی کے ہم پرانے باسی کہتے ہیں کہ آپ حکمرانوں نے پاکستان کا ڈبہ گل کر دیا ہے۔ یعنی آپ صاحب حکمت حاکموں نے پاکستان کی لٹیا ڈبو دی ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ آپ حاکم نا اہل ہیں۔ آپ نے پانچ سو برس ہندوستان پر بلا شرکت غیرے حکومت کی تھی۔ اتنے بڑے ہندوستان پر حکومت کرنے کے باوجود آپ نے حکومت کرنے کا ہنر نہیں سیکھا۔ پاکستان رقبے کے لحاظ سے ہندوستان کے پانچویں حصہ کے برابر ہے۔ ہم ناسمجھ ،بے علم لوگوں کو یہ حقیقت قطعی سمجھ میں نہیں آتی کہ جب آپ سے ہندوستان کے پانچویں حصے پر بنا ہوا پاکستان سنبھالا نہیں جاتا ،تب آپ نے لگاتار پانچ سو برس تک بے انتہا بڑےہندوستان پر حکومت کیسے کی تھی؟ آپ کی مایوس کن کارکردگی دیکھ کر لگتا نہیں ہے کہ آپ نے پانچ سو برس ہندوستان پر حکومت کی تھی۔ پانچ سو برس آپ کیا کرتے رہے تھے ،ہندوستان میں ؟ کہیں آپ وہی کام تو نہیں کر رہے تھے ہندوستان میں جو کام پچھلے ستربرس سے آپ پاکستان میں کر رہے ہیں؟
آپ حکمران ٹھہرے سمجھدار، عقلمند، عالم فاضل اور بلا کے ذہین، آپ کی باتیں ہم کم سمجھ رکھنے والے بونگوں کے سر سے گزر جاتی ہیں۔ آپ حکمران ایک دوسرے پر زبردست کرپشن اور خزانے میں ہیرا پھیری کے الزامات لگاتے ہیں۔ ہم بونگے حیران ہیں کہ آپ حاکم ایک دوسرے پر لگائے گئے الزامات ثابت کیوں نہیں کرسکتے ؟ کہیں ملی بھگت تو نہیں ہے ؟ تو میری پیٹھ کھجا ، میں تیری پیٹھ کھجاتا ہوں، لگتا تو مجھے ایسا ہی ہے ، ایک ہی کنبے کے لوگ ،ایک ہی فیملی کے لوگ پچھلے ستر برس سے پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں۔
یہ اقامہ کرپشن کیا ہے ؟ بہت پوچھا، کسی نے کچھ نہیں بتایا۔ سمجھنے کی کوشش کی مگر اقامہ سمجھ میں نہیں آیا، تب ہم ناسمجھ اور بے سمجھ بونگوں نے محسوس کر لیا کہ یہ حاکموں کی ملی بھگت ہے۔ وہ ہمیں کٹھ پتلیوں کا ناچ تو دکھاتے ہیں، مگر ان انگلیوں کا سراغ لگنے نہیں دیتے، جن انگلیوں میں کٹھ پتلیوں کی ڈور بندھی ہوئی ہے۔ ان انگلیوں کے اشاروں پر کٹھ پتلیاں ناچتی ہیں۔ لہٰذا ہم لا علم اور بے علم بونگوں نے اپنے طور پر فیصلہ کر لیا کہ ہم خود کھوج لگائیں گے اور اقامہ کے راز سے پردہ اٹھائیں گے۔ہم نے عرب ممالک کا دورہ کیا، بےشمار شہزادوں سے ملے۔ عرب شہزادوں سے ہم ان کے اپنے ملک میں ملے اور یورپ اور امریکہ میں بھی ملے۔ اپنے اپنے ملک میں عرب شہزادے ہمیں اپنے روایتی عربی لباس میں ملے۔ مترجم کے ذریعے شہزادوں نے ہم سے عربی میں گفتگو کی۔ یورپ اور امریکہ میں عرب شہزادے ہمیں جدید مغربی لباس میں ملبوس ملے۔ انہوں نے ہم سے روانی اور فراوانی سے انگریزی میں گفتگو کی،ہم جب اپنے وطن پاکستان لوٹے تو اقامہ کے بارے میں کافی کچھ معلومات لےکر لوٹے، ہمارا لوٹ آنا لوٹوں کو اچھا نہیں لگتا۔ ہمیں بھی لوٹے اچھے نہیں لگتے۔ جانے دیجئے۔
اقامہ کا آخر مطلب کیا ہے ؟اقامہ کتنا گھنائونا جرم ہے کہ جس کی پاداش میں ایک وزیر اعظم کو زندگی بھر کے لئے معزول اور معذور کر دیا جاتا ہے ؟
کیا اقامہ کا مطلب ہے ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تجوریاں خالی کر دینا، یعنی پاکستان کے خزانوں پر ہاتھ صاف کرنا؟ کیا اقامہ کا مطلب ہے دیگر ممالک کے ساتھ مالی معاہدوں سے اپنے لئے بھاری بھرکم رقم اینٹھنا؟ کیا اقامہ کا مطلب ہے سرکاری املا ک اور وسائل بیچ کر اپنے بینک اکائونٹ بھرنا؟ کیا اقامہ کامطلب ہے ملک کے مالی اداروں سے درپردہ بھاری رقوم وصول کرنا؟ کیا اقامہ کا مطلب ہے ملکی بینکوں سے اربوں کھربوں کے قرض لینا اور پھر خود کو کنگال دکھا کر قرضے معاف کروانا؟ آخر یہ اقامہ بلا کیا ہے ؟ ڈکشنری میں لکھے ہوئے معنی سن لیجئے، ڈکشنری میں اقامہ کا مطلب لکھا ہوا ہے ،ویزا Visaپاسپورٹ پر اجازت نامہ کی لگی ہوئی مہر، جس کے تحت ایک غیر ملکی اس ملک میں آ سکتا ہے۔
یہ تو ہے اقامہ کے ڈکشنری میں لکھے ہوئے معنی، اب آپ اقامہ کے عملی معنی سنئے۔ معنی بتانے سے بہتر ہے کہ اقامہ کی توضیح اور تشریح کر دوں، امریکہ اور یورپ کے ممالک آپ کو اپنے ملک میں آنے ،رہنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دیتے ہیں، اگر آپ کچھ عرصہ بعد اس ملک کی شہریت لینا چاہیں تو وہ شہریت بھی آپ کو مل جاتی ہے۔ مگر عرب ممالک میں ایسا نہیں ہوتا آپ کے پاس اگر دولت ہے اور آپ کسی عرب ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو اس کی ایک کڑی شرط ہے۔ پیسہ آپ کا ہو گا، کاروبار آپ کا اپنا اور آپ کی مرضی کا ہو گا ،مگر ملکیت کسی عرب شیخ یا عرب ادارے کی ہو گی۔ آپ کسی بھی عرب ممالک میں اپنے نام سے کاروبار نہیں کر سکتے، عرب شیخ آپ کو اپنی ملکیت میں ملازم ظاہر کرتا ہے اور بڑی ایمانداری سے کاروبار کے تمام فوائدآپ کو تنخواہ کے نام پر ادا کرتا رہتا ہے۔ پاکستان میں اس کو اقامہ کہتے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق بڑی تعداد میں ایم این ایز،ایم پی ایز، رشو ت خور افسران، وزیر، جرائم پیشہ، ممنوعہ دھندوں میں ملوث گروہوں نے اپنی دولت کسی نہ کسی عرب ملک میں لگائی ہوئی ہے اور وہ وہاں سے اقامہ کے تحت نفع وصول کرتے ہیں۔
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین