• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات مع لوڈ شیڈنگ؟
سپریم کورٹ نے کہا ہے:سیاستدانوں کو سرکاری گاڑیوں پر انتخابی مہم نہیں چلانے دیں گے اپنی حفاظت کا انتظام خود کریں، جبکہ نگران وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ بدترین لوڈ شیڈنگ روکیں، پاور سیکٹر کو فوری انتظامات و اصلاح کے لئے حکمنامہ جاری، ہمارے دو ہی تو شوق ہیں اچھا کھانا اچھا پہننا اور دو ہی تو روگ ہیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی، نگران حکومت نے لوڈ شیڈنگ میں نگران قسم کی بہتری لانے کا حکم جاری کیا ہے، انہوں نے 6رکنی کابینہ کا بھی اعلان کر دیا ہے گو حکومت 6وزیروں سے بھی چلائی جا سکتی ہے اور نصف سنچری سے زائد وزراء کے ساتھ چاہے تو چلے چاہے تو نہ چلے یا مخصوص انداز میں چلے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سرکاری گاڑیوں کے انتخابی مہم چلانے میں استعمال پر پابندی لگا دی ہے، اور ہمارے انتہائی ’’غریب‘‘ سیاستدانوں کو اپنی حفاظت کا بندوبست کرنے کا خود انتظام کرنے کا بھی کہہ دیا ہے، اب مسئلہ یہ ہے کہ کیا انتخابات مع لوڈ شیڈنگ ہوں گے یا عدم بتی انتخابات ہوں گے، ظاہر ہے ہر پولنگ اسٹیشن کو جنریٹر تو فراہم نہیں کیا جا سکتا، انتخابی گرمی اور موسمی گرمی کا بھی مقابلہ ہو گا، الغرض یہ انتخابات عدل کے تحت ہوں گے اور پہلی بار قوم کو ان کے لیڈرز کو معلوم ہو گا کہ غریب آدمی اپنی بیٹی کی شادی کا انتظام کیسے کرتا ہو گا، نگران حکومت کم خرچ بالا نشین حکومت چلانے کی کوشش کرے گی اور جب شاہانہ اخراجات نہ ہوں گے تو بہت ممکن ہے کہ کام بھی بہتر انداز میں چلیں گے، لگتا ہے اس ملک میں اب انتخابات میں حصہ لینا امیروں کا مشغلہ نہیں رہے گا، بلکہ حالات اگر مائل بہ قناعت رہے تو اشرافیہ اپنے کاروبار پر پوری توجہ دے گی اور سیاست کا رخ نہیں کرے گی۔ اگر ایسا ہو جائے تو یہ ملک 70سالہ لیٹ 70ماہ میں نکال دے، بہرحال ہم بیک وقت نگران حکومت اور کسی بھی جماعت کی ممکنہ حکومت کے لئے دعا گو ہیں، کیونکہ اب وقت دعا ہے۔
٭٭٭٭
کتابی سیاست
ہم سب کے ہاتھ میں کتاب تو نہ دے سکے، البتہ سیاست براستہ کتاب کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، کچھ غیر سیاسی کتابیں بھی لکھی یا لکھوائی جا رہی ہیں، جن میں قومی کردار کو ’’سنوارنے‘‘ کے لئے ’’دیگر‘‘ مصنوعات کو بھی زیر تحریر لایا گیا ہے، ریحام خان کی کتاب ابھی شائع تو نہیں ہوئی مگر نشر ہو رہی ہے، ریمنڈ ڈیوس نے بھی پاکستان پر کتاب لکھی ہے، کیونکہ انہیں پاکستان سے پیار پاکستانیوں سے نفرت ہے، کرنل جوزف بھی شاید ایک کتاب لکھیں جس میں پاکستانی عوام کو کچلنے کے آسان طریقے بتائے جائیں ریحام خان کی کتاب کے جو نشریاتی ٹکڑے منظر عام پر آئے ہیں اس پر سوشل میڈیا مبصرین نے دل کھول کر تبصرے کئے ہیں، عائشہ گلالئی جو چلتی پھرتی کتاب ہیں، جو بنی گالہ پریس نے چھاپی نہیں، تاہم ان کے ملفوظات بھی اگر تحریری شکل میں لائے جائیں تو ایک بیسٹ سیلر کتاب ثابت ہو سکتی ہے، اسد درانی کی کتاب ’’دو مصنف ایک تصنیف‘‘ تو چھپ چکی ہے، ہم جن مخصوص کتابوں کا ذکر کر رہے ہیں کھرا ناپنے والوں نے بتایا ہے کہ کھرا سیدھا نئی دلی جاتا ہے، یہ بڑی ’’خوش آئند‘‘ بات ہے کہ قوم کی کردار سازی کے لئے ایک نصاب مرتب ہو رہا ہے، کچھ چھپ چکا ہے کچھ ’’انڈر چھپ‘‘ ہے، یہ جن تمام کتابوں کا ہم ذکر کر رہے ہیں، اپنے موضوعات کے لحاظ سے نہایت عمدہ اور پاکیزہ ہیں مگر ان کی ٹائمنگ دل میں طرح طرح کے خدشے پیدا کرتی ہے، شاید ہمارا وہم ہی ہو، کیونکہ؎
یہ توہم کا کارخانہ ہے
یاں وہی ہے جو اعتبار کیا
متروکہ ازدواجی زندگی بھی ایک اچھا موضوع ہے، اس پر کتابیں لکھی جانی چاہئیں ہمیں معلوم ہوا ہے کہ کتاب ریحام جو ابھی شائع نہیں ہوئی اس میں وسیم اکرم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے تاکہ ان کی ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنایا جا سکے۔
٭٭٭٭
کورٹ تک آ گئی تاثیر مسیحائی کی
....Oعلی ظفر نگران وفاقی وزیر قانون:نگران حکومت کی اولین ترجیح، صاف شفاف الیکشن کرانا ہے۔
کیا کوئی دوسری ترجیح بھی ہے؟
....Oمسلم لیگ ن کے رہنما شکیل اعوان نے شیخ رشید نا اہلی کیس کے جلد فیصلے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دے دی ہے۔
لال حویلی والا فرزند پنڈی بھی کب تک سگار کا دھواں حریفوں پر چھوڑتا رہے گا۔
....O کافی گرتے ہی نیدر لینڈ کے وزیراعظم خود صفائی کرنے لگے۔
وہ دراصل شاہی وزیراعظم نہیں، اور درحقیقت شاہی وزیراعظم بھی ہم صدقے واری جانے والے خود بناتے ہیں، نہ جانے ہماری گری ہوئی کافی کب صاف ہو گی؟
....Oریحام خان کی کتاب کی رونمائی کے خلاف ملتان کی سول کورٹ نے حکم امتناعی جاری کر دیا ۔
سول کورٹ تک آ گئی تاثیر مسیحائی کی۔
....Oنواز شریف:حکومت دوبارہ ملی تو کمیشن بنائیں گے جو حساب کتاب کرے گا۔
دوبارہ نہیں چہار بارہ۔
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین