• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہرکا مغوی نوجوان ایک کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا،افغانستان سے واردات کرائی گئی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے چار ماہ قبل اغوا کیاگیا نجی کمپنی کا ملازم ایک کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد رہائی پاکر گھر پہنچ گیا۔ واردات میں کالعدم تنظیموں کے بین الاقوامی گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک 7 میں ڈیسنٹ آرگیٹڈ کے رہائشی راحیل عالم کو رواں سال 6 فروری کو ان کے گھر کے قریب سے اغوا کرلیا گیا تھا۔ راحیل دفتر جانے کیلئے گھر سے نکلا تھا کہ گاڑی میں سوار ملزمان نے یرغمال بناکر اپنی گاڑی میں منتقل کرلیا تھا۔ اس کی کار گلستان جوہر بلاک 6 اور 7 کی درمیانی سڑک سے اسٹارٹ حالت میں لاوارث کھڑی ملی تھی۔ پولیس نے کار کے نمبر کی مدد سے مغوی کے خاندان کا سراغ لگایا اور اہل خانہ کو اطلاع دی۔ اغواء کے اگلے ہی روز ملزمان نے اہلخانہ سے فون کرکے 15 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ جس کے بعد 7 فروری کی رات کو ہی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف راحیل کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان راحیل کی رہائی کیلئے اس کے خاندان سے تاوان لینے کیلئے مسلسل رابطے میں رہے۔ ملزمان فون کالز افغانستان کے موبائل فون نمبرز سے کرتے تھے جس بنا پر پولیس نے معاملہ کے بین الاقوامی ہونے کا جواز بناکر تفتیش میں دلچسپی نہیں لی۔ اس دوران ملزمان اور مغوی کے اہل خانہ کے مابین تاوان کی ادائیگی کے سلسلے میں ڈیل گذشتہ ماہ مکمل ہوئی۔ راحیل کے خاندان نے اپنی مختلف جائدادیں فروخت کرکے مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے تاوان کا بندوبست کیا۔ اور مئی کے آخری ہفتے میں تاوان کی ادائیگی ہوئیجس پر ملزمان نے راحیل کو گاڑی میں ڈال کر گلستان جوہر میں سمامہ شاپنگ سینٹر کے قریب بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ دیا اور فرار ہوگئے۔

تازہ ترین