• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’غیر ملکی مبصرین کو الیکشن میں ویلکم کریں گے‘

انتخابات 2018:’غیر ملکی مبصرین کی پاکستان آمد میں کوئی روک ٹوک نہیں‘

عام انتخابات 2018 میں غیر ملکی مبصرین پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عمل، بیلٹ پیپرز کی گنتی اور نتائج کی تیاری کا مشاہدہ کر سکیں گے، غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کا دورانیہ 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہو گا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2018 کے لئے غیر ملکی مبصرین کی پاکستان آمد میں کوئی روک ٹوک نہیں، مبصرین کو پاکستان میں ویلکم کریں گے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے غیر ملکی مبصرین کی پاکستان آمد اور ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق غیر ملکی مبصرین کے لیے انتخابی ضابطہ اخلاق ایک سے دو روز میں جاری کیا جائے گا۔

ملکی قوانین کے مطابق غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کے عمل کو جلد نمٹایا جائےگا، غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کا دورانیہ 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہو گا ، مبصرین پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عمل، بیلٹ پیپرز کی گنتی اور نتائج کی تیاری کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

غیر ملکی مبصرین کی پاکستان آمد سے متعلق وزارت خارجہ، داخلہ اور انٹیلی جنس بیورو نے فوکل پرسن تعینات کر دیے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق غیر ملکی مبصرین کی آمد سے متعلق فوکل پرسنز آپس میں رابطہ رکھیں گے۔

تازہ ترین