• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر جاوید اقبال، راول پنڈی

پیریفرل آرٹیریل ڈیزیز(Peripheral Arterial Disease) ، دِل اور اس کی شریانوں سے متعلقہ ایک ایسا عارضہ ہے،جو پچاس برس کی عُمر کے بعد لاحق ہوتا ہے۔ پی اے ڈی سے متاثرہ مریض زیادہ دُور تک چل پھر نہیں سکتے، بلکہ بعض اوقات تو گھر کے صحن یا باغیچے میں بھی چلنے پھرنےسے قاصر ہوجاتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے مُلک میں اس عارضے کی تشخیص سہل نہیں کہ ابتدائی علامات خفیف اور کم تکلیف دہ ہوتی ہیں۔ 

کہیں آپ پی اے ڈی کا شکار تو نہیں...؟

یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر مریض، عُمر کا تقاضا سمجھ کر ابتدائی علامات پر توجّہ نہیں دیتے۔ چوں کہ ٹانگوں اور بازؤں میں درد کی ابتدائی علامت نظر انداز کردی جاتی ہے اور یہی وہ دورانیہ ہے، جس میں مرض اندر ہی اندر اپنی جڑیں مضبوط کررہا ہوتا ہے، تو اس ضمن میں امریکا کی مشاورتی کاؤنسل برائے درازیٔ عُمر کے ماہرین نے ایک سوال نامہ ترتیب دیا ہے، جس کی مدد سے کم از کم مرض کی نشان دہی ضرور ہوسکتی ہے۔ ایسے افراد جن کی عُمر پچاس سال یا اس سے زائد ہے، تو وہ اس سوال نامے کو ضرور حل کریں۔

٭کیا خاندان میں کوئی فرد ذیابطیس یا نظام دورانِ خون کے امراض کا شکار ہے؟(10نمبر)

٭کیا آپ ذیابطیس،نظامِ دورانِ خون یا پھر قلب کے کسی عارضے میں مبتلا ہیں؟(20 نمبر)

٭چلتے وقت ٹانگوں میں درد، تکلیف یا اینٹھن محسوس ہوتی ہے، جو آرام کرنے سے ٹھیک ہوجائے؟(30 نمبر)

٭ہاتھ پاؤں کا ٹھنڈا پڑ جانا یا سُن ہونا؟(20 نمبر)

٭پاؤں یا پاؤں کی انگلیوں پر سے بالوں کا غائب ہو جانا یا جھڑ جانا؟(10 نمبر)

٭ہاتھوں اور پاؤں کے ناخنوں کے بڑھنے میں بے ربطگی؟(10 نمبر)

٭کیا کسی پوشیدہ مرض سے دوچار ہیں(صرف حضرات کے لیے)؟(10 نمبر)

٭تمباکو نوشی کی علّت میں مبتلا ہیں؟(20 نمبر)

٭کیا کبھی ماضی میں تمباکو نوشی کی تھی؟(10نمبر)

٭ آپ کا وزن، نارمل وزن سے25پاؤنڈ زائد ہے؟(20 نمبر)

٭باقاعدگی سے ورزش نہیں کرتے؟(10 نمبر)

٭ تلی یا بھنی ہوئی اشیاء کا استعمال ہفتے میں تین بار سے زائدہے؟(10 نمبر)

اگر حاصل کردہ کل نمبر 50یا اس سے زائد ہوں، تو پی ڈی اے کے مرض میں مبتلا ہونے کےامکانات خاصے بُلند ہیں۔ اگر نمبرز80یا اس سے زائد ہوں، تو فور ی طور پر ماہرِ امراض ِقلب سے رابطہ ناگزیر ہے۔

(مضمون نگار، القائم اسپتال، راول پنڈی میں خدمات انجام دے رہے ہیں)

تازہ ترین