• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مسائل ترجیح‘ بجلی کا شارٹ فال ختم کرینگے، مفتاح اسمٰعیل

کراچی (سید منہاج الرب) سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ کے رہنما مفتاح اسمٰعیل کراچی کے حلقہ 244سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ مفتاح اسمٰعیل کا شمار مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف کے نہایت پراعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے اور انہوں نے اپنے دور وزارت کے دوران ملکی معیشت کو بہتر بنانے، عوامی مسائل کو حل کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کراچی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سندھ بالخصوص کراچی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کراچی میں بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ اور صفائی کے مسائل کو عارضی طور پر نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر حل کرے گی، بجلی کا شارٹ فال ختم کریں گے، سندھ حکومت سرکلر ریلوے بحال نہ کرسکی تو پاکستان ریلوے کے ذریعے کریں گے ۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بھی اس بار کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کراچی سے قومی اسمبلی کے 18؍ اور صوبائی اسمبلی کی 33؍ نشستوں پر انتخابات لڑ رہی ہے۔ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے عوام کو جس طرح نظرانداز کیا گیا ہے اب ایسا نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ نے کراچی میں گرین لائن کا منصوبہ دیا۔ ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مزید دو لائنیں چلائیں گے۔ ہم سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے ہر طرح کی گارنٹی دینے کے لئے تیار ہیں۔ اگر سندھ حکومت سرکلر ریلوے کو بحال نہ کرسکی تو ہم اس کو پاکستان ریلوے کے ذریعے بحال کریں گے تاکہ کراچی کے عوام کے مسائل کو حل کیا جاسکے اور انہیں اچھی معیاری اور سستی ٹرانسپورٹ مل سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں بجلی کا شارٹ فال اوسطاً 500؍ میگاواٹ کا ہے جو آئندہ برسوں میں بڑھ کر 800؍ میگاواٹ تک ہوسکتا ہے۔ ہم اس شارٹ فال کو ختم کریں گے۔ کراچی کو مسائل کا شہر بنا دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس کے لئے کچھ نہیں کیا۔ پنجاب میں میٹرو بس پنجاب حکومت نے اپنے خرچے سے چلائی۔ کے پی کے بھی میٹرو بس اپنے خرچے سے چلانے کی کوشش کررہا ہے لیکن کراچی کو گرین لائن کا تحفہ مسلم لیگ نے دیا۔ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ کراچی میں پورے پاکستان کے لوگ بستے ہیں اور یہ واحد شہر ہے جو پورے ملک کو کما کر دیتا ہے لیکن اس لحاظ سے کراچی کے مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے گئے۔ ہماری ترجیحات میں کراچی سرفہرست ہے، ہم نے کراچی میں پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ اور صفائی کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ مسلم لیگ کی پوری کوشش ہے کہ کراچی کے عوام کو وہ تمام سہولتیں فراہم کی جائیں جس پر ان کا حق ہے۔
تازہ ترین