• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 افغانستان اولین ٹیسٹ کا ٹاس ہارگیا،بھارت کی بیٹنگ

افغان کرکٹ کیلئے آج کا دن تاریخی دن بن گیا ہے،ایک طویل انتظار کے بعد بالاخر افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اپنے اولین ٹیسٹ میچ کے لئے بھارت کیخلاف بنگلور کے میدان میں اترچکی ہے۔

اپنے اولین ٹیسٹ میچ کا ٹاس افغان کپتان ہار گئے، بھارت نےٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کر دیا ہے،بھارت نے اب تک 11اوورز میں بغیر کسی نقصان کے54رنز بنا لئے ہیں،شیکھر دھون 31اور مرلی وجے13رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

افغانستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلی گیند کرانے کا اعزازیامین احمد زئی کے حصے میں آیا اور انہوں نے اپنا نام تاریخ میں درج کر والیا۔

افغانستان بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا رکن 2001ء میں ہی بن چکا ہے تاہم اسے ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کیلئے 17 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا اور اب اسے ٹیسٹ اسٹیٹس مل چکا ہے، افغانستان بارہواں ملک بن گیا جسے ٹیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔افغان ٹیم بلند حوصلے کے ساتھ خود کولوہے کے چنے ثابت کرنے کیلئے تیار ہے اور اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کیلئے پرعزم ہے ۔

بنگلور ٹیسٹ کئی اعتبار سے ریکارڈ بناسکتا ہے جس میں ایک منفرد ریکارڈافغان کھلاڑی مجیب الرحمان کے کھاتے میں آگیا ہے اور یہ ایسا منفرداعزاز ہے جو کوئی اور کھلاڑی نہیں چھین سکے گا۔

وہ اعزازیہ ہے کہ افغانستان کے مجیب الرحمان 21 ویں صدی میں پیدا ہونے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹر بن گئے ہیں جو سال 2000ءکے بعد دنیا میں آیا ہو کیونکہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اس وقت کوئی ایسا کھلاڑی نہیں جو سال 2000ءکے بعد دنیا میں آیا ہو۔

مجیب الرحمان 28 مارچ 2001ءکو خوست میں پیدا ہوئے جنہیں افغانستان کی تاریخ کے اولین ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف موقع ملا ہےوہ رواں صدی میں پیدا ہونے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹر بن گئے ہیں۔

افغان اسپنر 13سال بعد پہلے کھلاڑی بھی ہونگے جنہیں اپنا اولین فرسٹ کلاس میچ ہی ٹیسٹ کرکٹ کی صورت میں کھیلنے کا موقع ملا،اس سے قبل بنگلہ دیش کے نظام الدین نے 2004ءمیں فرسٹ کلاس اور ٹیسٹ ڈیبیو ایک ساتھ کیا تھا۔

افغانستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے والوں میں کپتان اصغر ستنکزئی (بیٹسمین) ،محمد شہزاد(بیٹسمین)،جاوید احمدی(بیٹسمین) ،رحمت شاہ(آل رائونڈر)،حشمت اللہ شاہدی(بیٹسمین)،افسرزازئی(وکٹ کیپر)،محمد نبی(آل رائونڈر)،راشد خان (بولر)،یامین احمد زئی(بولر)،وفا دار(بولر) اورمجیب الرحمان (بولر) شامل ہیں۔


تازہ ترین